لندن:کتے کے حملے میں خاتون کی موت، پولیس کی تفتیش شروع

94

لندن:کتے کے حملے میں خاتون کی موت واقع ہو جانے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ کیٹرہم، سرے میں جمعرات کے روز جی ایم ٹی 14:30بجے ہونے والے حملے کے بعد مسلح افسران کو تعینات کیا گیا تھا، جنہوں نے سات کتوں کو پکڑ لیا ہے۔ 20سالہ خاتون کو جائے وقوعہ پر مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والی دوسری خاتون ہسپتال میں زیر علاج ہے، تاہم اس کے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

حملے کی تحقیقات کرنے والے افسران نے گریلی ہل کے علاقے میں گھیرا تنگ کر دیا ہے، جو ایک پرسکون دیہی کمیونٹی ہے۔ ایسٹ سرے کی ایم پی کلیئر کوٹینہو نے کہا کہ ان کی ہمدردی مرنے والی خاتون کے پیاروں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے جائے وقوعہ پر طبی عملے کی کوششوں اور سرے پولیس کے افسران کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اتنی جلدی صورتحال پر قابو پالیا۔

جائے وقوعہ پربی بی سی نیوز کے ٹام پگ نے کہا کہ کل کتے کے حملے کا سبب بننے والے جان لیوا حالات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ پولیس نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ 20 سالہ خاتون کی جان سے ہاتھ دھونے سے پہلے واقعات کیسے رونما ہوئے اور دوسری کو ہسپتال میں علاج کی ضرورت پڑی۔ تاہم یہ ظاہر ہے کہ تفتیش تیز رفتاری سے کی جا رہی ہے، حملے کے مقام کی طرف جانے والی کئی سڑکوں کو افسران نے جمعہ کی صبح سیل کر دیا تھا۔

جس خاتون پر کتے نے حملہ کیا تھا، ان کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا ہے، تاہم سرے پولیس نے کہا کہ ان کے قریبی رشتہ داروں کو اطلاع کر دی گئی ہے۔ چیف انسپکٹر ایلن سپروسٹن نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اس خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، جو انتقال کر گئ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر مقامی کمیونٹی سے متعلق ہو گا اور میں انہیں یقین دلانا چاہوں گا کہ ہمیں یقین ہے کہ تمام کتوں کو چیک کیا گیا ہے اور وہ پولیس کی تحویل میں ہیں۔ واقعے کے حالات کا تعین کرنے کے لئے ہماری تحقیقات جاری ہے اور ہم کمیونٹی سے کہیں گے کہ وہ قیاس آرائی نہ کریں۔

Comments are closed.