اسلام آباد:حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)آزادکشمیرکےصدراورسینئر ریاستی وزیرسردار تنویر الیاس خان نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی کو ملک دشمنوں کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی پر ہندوستان کی جانب سےبغلیں بجانےکی سمجھ تو آتی ہے لیکن جس طرح ن لیگی قائدین خوشیاں منا رہے ہیں یہ سمجھ سے بالا تر ہے،حکومت کی مخالفت میں ملک دشمنی پر مبنی رویہ قابل مذمت ہی نہیں بلکہ قابل تشویش ہے،وزیراعظم عمران خان پاکستان کے لئے اللہ کی رحمت ہیں،عمران خان اس ملک اور اس قوم کے ساتھ کمٹڈ ہیں ،عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کوئی کمپرومائزنہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں گورننگ باڈی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادکشمیر کے ہمراہ مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےسردارتنویرالیاس خان کا کہنا تھاکہ پاک فوج کی لازوال قربانیوں اوروزیراعظم عمران خان کی بہترین حکمت عملی کےنتیجے میں پاکستان میں مثالی امن قائم ہو چکا ہے،ملک دشمن قوتیں دن رات پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں رچا رہی ہیں لیکن پاکستانی حکومت اور سیکیورٹی ادارے دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں ،پوری پاکستانی قوم بھی اپنی بہادر افواج اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،ایسے میں ن لیگی قائدین کی جانب سے پاکستان دشمنوں کی زبان بولنا اور ملک کے خلاف شر انگیز پراپیگنڈہ کرنا افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمناک ہے،قوم دیکھ رہی ہے کہ ملکی اپوزیشن کس ایجنڈے کو لے کر بیان بازی میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی قیادت کی بیان بازی کو سامنے رکھتے ہوئے قوم جان چکی ہے کہ ن لیگ کی جانب سے سامنے آنے والا بیانیہ جھوٹ اور مکاری کی بنیاد پر ہوتا ہے،ن لیگ سیاسی طور پر یتیم ہوچکی ہے،حاسدین عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، نسل درنسل اقتدار پر قابض رہنے والے اپنے منفی مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔سینئر وزیر ریاست جموں و کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم ملک کی عزت و وقار اور خوداری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے جبکہ ن لیگ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے میں کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔