اسلام آباد:وزارت توانائی کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور کامیاب رہا اور بیس جنوری تک اس حوالے سے معاہدہ بھی طے ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں روس سے تیل اور گیس کی درآمدی قیمت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، دونوں ممالک نے تیکنیکی سیشن میں مختلف شعبوں سے متعلق اعداد و شمار کا تبادلہ کیا۔ تیل اور گیس کے قلیل المدتی، درمیانی مدت اور طویل المدتی روڈ میپ تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستانی وفد نے روسی حکام کو ملک میں تیل اور گیس کی رسد اور طلب کا ڈیٹا فراہم کیا۔
وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا کہ تیل و گیس کی فراہمی کی شرائط، قیمت اور مقدار پر حتمی ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق ہوا، بین الحکومتی مذاکرات میں دونوں ممالک نے ادائیگی اور شپنگ کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی۔وزارت توانائی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تیل کی لین دین کے حوالے سے 20 جنوری کو معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں دونوں ممالک کے مابین 30 فیصد رعایت پر تیل کی خریداری ،گندم کی خریداری اورتجارت ، معیشت ، سائنس و تکنیکی تعاون کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اجلاس ہوا، جس میں روس کے 80 رکنی وفد نے شرکت کی۔
Comments are closed.