قاہرہ:مصر میں موٹاپے سمیت دیگر کئی بیماریوں کے حامل افراد پر حج پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کی وزارت صحت کے ترجمان حسام عبدالغفار کا کہنا ہے کہ رواں سال صرف ان عازمین کو حج کے لیے اجازت دی جائے گی جو دائمی یا متعدی امراض میں مبتلا نہ ہوں اور جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہوں۔
علاوہ ازیں ان لوگوں کی ترجیح دی جائے گی جو پہلی بار حج کرنے جا رہے ہوں۔
مصر کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ بیماریوں کی کیٹیگری بنائی گئی ہے ان بیماریوں میں مبتلا افراد کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے تصدیق کی کہ سعودی حکومت کی گائیڈ لائن کے تحت اس سال حج کے خواہشمند مصری شہریوں کو کورونا، گردن توڑ بخار اور موسمی فلو کی مکمل ویکسینیشن کرانا لازمی ہوگا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب جانے والے عازمین کو کیو آر کوڈز کے ساتھ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ انہوں نے کورونا کی بوسٹر ڈوز 6 ماہ اور گردن توڑ بخار کی ویکسین زیادہ سے زیادہ 10 دن قبل لگوائی ہو۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ حج کے خواہش مند فربہ افراد پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ٹیومر، الزائمر، دل اور خون کی شریانوں کی بیماریوں، کینسر، پھیپھڑوں کے فائبروسس کے مریض اور گردے کے جو ڈائیلاسز پر ہوں، ان پر پابندی ہوگی۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت میں حاملہ خواتین پر بھی حج پر جانے پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔
Comments are closed.