ضمنی انتخابات کے غیرحتمی، غیرسرکاری نتائج، مسلم لیگ(ن) کو برتری حاصل

58

لاہور: ملک میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک موصول غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کو برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں سب سے آگے ہے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی، الیکشن والے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی تھی۔

میڈیا کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-119 لاہور سے موصول غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق 338 پولنگ اسٹیشنز سے مسلم لیگ(ن) کے علی پرویز ملک نے 60 ہزار 918 جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار شہزاد فاروق نے 34 ہزار 94 ووٹ حاصل کیے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے-119 میں 8 فروری کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم صوبائی اسمبلی کی نشست برقرار رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی تھی اور وزیراعلیٰ منتخب ہوگئیں اور اب قومی اسمبلی کے حلقے میں علی پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے-132 میں مسلم لیگ (ن) کے ملک رشید احمد خان ایک لاکھ 46 ہزار 849 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

این اے-196 قمبرشہداد کوٹ میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے امیدوار خورشید جونیجو نے88 ہزار 850 ووٹ حاصل کرکے نشست جیت لی جبکہ تحریک لبیک کے محمد علی کو2696 ووٹ ملے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 44 سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈاپور نے تمام 358 پولنگ اسٹیشنز سے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق 56 ہزار 995 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی پی پی کے عبدالرشید خان کنڈی 9 ہزار 533 ووٹ لے کر ہار گئے۔

Comments are closed.