اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ میں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، ہم نے تحریک انصاف کو بات چیت کی جو دعوتیں دینی تھیں پہلے دے چکے، بیرسٹر گوہر سے پوچھیں کہ آپ کو کس نے مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا ہے کہ آج کی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی ہے اور اس حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہیں نہیں کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت ہے، آخر کیوں سب کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، کسی اور اپوزیشن جماعت کا خیال کیوں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں کی، آپ کے ذہن میں جماعت اسلامی کی بات کیوں نہ آئی۔باقی اپوزیشن جماعتیں کیوں نہیں آئیں؟۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی جو دعوتیں دینی تھی پہلے دے چکے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے بیان سے متعلق پروگرام اینکر کے سوال کا جواب د یتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر سے پوچھیں کہ آپ کو کس نے مذاکرات کی دعوت دی ہے، پی ٹی آئی سے ہم کیا بات کریں ؟ کیا دعوت دیں ؟۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جب وزیر اعظم بنے تو پہلی تقریر میں ہماری جانب سے کیا پیغام دیا گیا ؟ مریم نواز وزیر اعلیٰ بنیں تو انہوں نے کہا تھا کہ میں صرف ایک سائیڈ کی وزیر اعلیٰ نہیں، ہماری طرف سے تو مذاکرات دعوت جاتی رہی ہے لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے 9 مئی ہوتا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کیوں کیا؟ ،پی ٹی آئی مذاکرات میں اگر سنجیدہ ہے تو اب ان کو آگے آنا ہوگا۔مہنگے بلوں پر بات کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بجلی بہت مہنگی ہو گئی ہے آئی پی پیز سے متعلق بات چیت تو چل رہی ہے اور اس حوالےسے تمام آپشنز بھی ہمارے پاس ہیں تاہم آئی پی پیز پر کوئی بات کرنا اس وقت قبل از وقت ہو گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈسکوز کی نجکاری سے حالات بہتر ہوں گے، کچھ شہر ایسے ہیں جہاں 70 سے 86 فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے، بجلی چوری پر کچھ نہ کچھ تو کرنا ہی ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا حکم ہے کہ نجکاری اسی وقت ہو گی جب غریب کی پروٹیکشن حتمی بنا دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ملک کی ترقی اور مسائل کے حل کیلیے تحریک انصاف آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی والے بہروپیےہیں یاپاگل ہیں؟ بانی پی ٹی آئی اب کہتے ہیں کہ ن لیگ اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی کرارہی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرینگے۔
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ نے پیپلزپارٹی کی سپورٹ لے کر حکومت کیوں نہیں بنائی؟۔وزیرپٹرولیم مصدق ملک کا مزید کہنا تھا وزیراعظم شہبازشریف کے ذہن میں صرف 3چیزیں ہیں، اولین ترجیح غریب کےبچے کو روزگار دینا، دوسرامہنگائی اور تیسرا غربت کوختم کرنا ہے۔
Comments are closed.