وزیراعظم نے بلاول بھٹو کی میثاق پارلیمنٹ کی تجویز کی حمایت کردی

44

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات کی، وفد میں سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضی وہاب شامل تھے۔ن لیگ کی جانب سے ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز ’’چارٹرآف پارلیمنٹ‘‘ کو سراہا اور اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہو گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی جبکہ مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا شہباز شریف نے خیر مقدم کیا۔

Comments are closed.