اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے گزشتہ روز سندھ ہاؤس پر ہونے والے حملے کے واقعے کا از خود نوٹس لے لیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں سندھ ہاؤس پر حملے کے واقعے کی سماعت اب سے کچھ دیر میں ہو گی۔عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ۔سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد یہ پہلا از خود نوٹس لیا ہے۔
واضح رہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔پی ٹی آئی کارکنان نے ہاتھوں میں لوٹے اورڈنڈے اٹھا رکھے تھے، انہوں نے منحرف ارکان اور حزبِ اختلاف کے خلاف جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی جس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہو گئے جو سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کی۔ پولیس نے تحریکِ انصاف کے 2 ارکانِ قومی اسمبلی فہیم خان اور عطاء اللّٰہ نیازی سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا جنہیں بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
Comments are closed.