اسلام آباد:سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، میں نے تھانہ سیکریٹریٹ میں درخواست دی ہے، مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمے دار شہباز شریف، نواز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللّٰہ سمیت 7 لوگ ہوں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے حکومت میں آتے ہی 300 لوگوں کا نام ای سی ایل سے نکالا، عدلیہ انصاف کرے، سارا بوجھ عدلیہ پر آنے لگا ہے، کیوں کہ جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، یہ مجھے اور عمران خان کو تحریک سے پہلے ہی جیل بھیجنا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کو پٹہ ڈالا جائے، یہ خانہ جنگی کرائیں گے، انہوں نے ہر اس آدمی کو ٹرانسفر کیا جنہوں نے ان کی انویسٹی گیشن کی، میں نے پانچوں ایجنسیز کے سربراہوں کو خط لکھ دیا ہے کہ میں قتل کر دیا جاؤں تو ان لوگوں سے تفتیش کی جائے، میں نے درخواست دی ہے کہ یہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈ ی جی آئی بی کو بھی درخواست دی ہے، میں کہتا تھا کہ نون سے شین نکلے گا، اس وقت شین کی حکومت ہے، میں نے پہلے بھی کہا کہ مئی کا مہینہ خوفناک ہو گا، روضۂ رسول ﷺ پر جو کچھ ہوا برا ہوا، اس کی مذمت کرتا ہوں۔
سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف نے 14 بار فوج کے جوتے چاٹے، آصف زرداری چاہتے تھے کہ پنجاب میں گند پھیلے تو پھیل گئی ہے، میں ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرا رہا، فوج دیکھے کہ ای سی ایل میں سے کن کن لوگوں کو نکالا گیا ہے، پاگل آدمی کو وزیرِ داخلہ بنا دیا گیا ہے، یہ خون خرابہ چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے آج ہم ان کو امپورٹڈ کہتے ہیں، بھتیجے راشد شفیق کی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہا، اچھا ہے وہ 10، 15 دن اندر رہے، یہ اُس کی پہلی جیل ہے، میں تو ریٹائر ہونے جا رہا تھا لیکن نالہ لئی اور عمران خان کی وجہ سے الیکشن لڑوں گا، عمر قید والوں کا فیڈرل منسٹر کے برابر کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ سارا بوجھ عدلیہ پرآنے والا ہے، جھوٹے مقدمات بنائے گئے، تمام مقدمات رانا ثناء اللّٰہ نے لکھے، اس کو تکلیف ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، عمر عطاء بندیال کے والد میرے والد کی جگہ پر تھے۔
انہوں نے حکومتی اراکین کی جانب اشارہ کر کے یہ بھی کہا کہ جس دن ان پر فردِ جرم لگنی تھی اس دن حلف لے رہے تھے، یہ ثابت کر دیں کہ ایسا کبھی سیاست میں ہوا ہو تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، جس نے ان کے خلاف ایف آئی اے میں تحقیقات کی انہوں نے اس کا تبادلہ کر دیا ، انہوں نے عمران خان کو یا شیخ رشید کو گرفتار کیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔
Comments are closed.