لوٹن:کنگز کالج لندن کی کرونا اوئیرنیس ٹیم 2022 کا آؤٹ سٹینڈنگ ایمپیکٹ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ یاد رہے کہ کرونا اوئیر نیس پروجیکٹ جو کہ تین زبانوں جن میں پہاڑی، پشتو اور سلہٹی پہ مشتمل تھا برطانیہ میں اور برطانیہ سے با ہر بسنے والی کمیونیٹیز کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ ملٹن کینز سے فری لانس جرنلسٹ توقیر لون اور لوٹن سے ڈاکٹر طاہر محمود اس پروجیکٹ کا حصہ تھے جنھوں نے کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات اور روک تھام کی ہدایات کا پہاڑی زبان میں ترجمہ کر کے انکی وڈیو ریکارڈنگ کے زریعے کنگز کالج لندن کے اس پروجیکٹ میں راہنمائی اور اپنی خدمات سر انجام دیں۔
کنگز کالج کے اس پروجیکٹ میں کمیونٹی لئیزان آفیسر اور مترجم کے فرائض انجام دینے والے فری لانس جرنلسٹ توقیر لون اور ڈاکٹر طاہر محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ انکا یہ پروجیکٹ آؤٹ سٹینڈنگ ایمپیکٹ کی وجہ سے کنگز کالج لندن کے سوشل سائنسز اور پبلک پالیسی کے 2022 کا ایمپیکٹ پرائز ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس وبا کے دوران ایشین کمیونیٹیز سب سے زیادہ متائثر ہوئی ہیں جسکی سب سے بڑی وجہ انکی اپنی مادری زبان میں کرونا سے متعلق ہدایات کا نہ ہونا تھا۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں پہاڑی زبان اقلیتیوں میں سب سے زیادہ بولی اور سمجھی جانے والی زبان ہے جسے حالیہ مردم شماری میں بھی اقلیتی زبان کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پہاڑی زبان میں بنائ جانے والی ہدایاتی وڈیوز کو کمیونٹی نیٹ ورک کے زریعے جسمیں فیتھ گروپس، مساجد، سیاسی شخصیات و زعما کے علاوہ یوتھ گروپس، واٹس ایپ گروپس ڈاکٹرز اور سوشل میڈیا شامل ہیں کے توسط سے لوگوں تک پہنچایا گیا تھا جس سے لوگوں کو کرونا وبا کو سمجھنے اور اس سے بچنے کے لیے خاطر خواہ آگاہی حاصل ہوئی۔
ڈاکٹر طاہر محمود جو کہ لوٹن میں جنرل پریکٹیشنر کے فرائض ادا کر رہے ہیں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنگز کالج لندن کی طرف سے انکی بنا ئی ہوئی وڈیوز کی وجہ سے نہ صرف برطانیہ بلکہ برطانیہ کے علاؤہ دوسرے ممالک میں بھی لوگوں نے استفادہ کیا ہے اورکرونا وائرس جیسی وبا سے بچنے کے لیے ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے اپنے آپ اور اہل خاندان کو اس سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے۔
کرونا وائرس اوئیرنیس پروجیکٹ پہاڑی زبان میں اپنی نوعیت کا واحد پروجیکٹ ہے جو کہ آزاد کشمیری کمیونٹی میں بولی جانے والی پہاڑی زبان کو ملحفوظ خاطر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا اور جسے برطانیہ میں حکومتی سطح پر کسی مستند ادارے کی سرپرستی بھی حاصل ہوئی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ انکی کوشش ہے کہ کنگز کالج لندن کی طرف سے مستقبل قریب میں پہاڑی زبان میں مزید ان پروجیکٹ پر کام کیا جائے گا جس سے کمیونٹی کو فائدہ حاصل ہو سکے۔
Comments are closed.