پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں 25 مئی کو اسلام آباد میں ملوں گا، ہم سری نگر ہائی وے پر دوپہر تین بجے ملیں گے، اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم کسی صورت ان کو قبول نہیں کریں گے، جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ایکس سروس مین کو بھی اسلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ اسمبلیاں توڑنا اور الیکشن کی تاریخ ہے، بار بار کہا جاتا ہے جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کوئی خطرہ نہیں ہے، دو دن پہلے تمام لوگ نکلیں، حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے خلاف سازش کا آغاز گزشتہ سال جون میں ہوا، ہم نے پوری کوشش کی ہمارے خلاف سازش کامیاب نہ ہو، لیکن ہم کامیاب نہیں ہوسکے، یہ سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف کی گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک ہر اعتبار سے آگے بڑھ رہا تھا، ہمیں 2018 میں ملک دیوالیہ ملا، ان کا تجربہ صرف کرپشن، کیسز ختم کرنے اور انتقام کا ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے نہ فیصلہ کرنے کی ہمت، یہ چاہتے ہیں تیل، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کرے، یہ چاہتے ہیں فوج پر سارا بوجھ پڑے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ عسکری قیادت سے مشورہ کر کے روس گیا تھا، امریکا کو بتایا گیا عمران خان ذاتی طور پر روس گیا، اس حکومت کی جرات نہیں روس سے سستا تیل یا گندم لے، کرپٹ ترین چور اور منشیات فروش کابینہ کا حصہ ہیں، وزیراعظم اور اس کے بیٹے وزیراعلیٰ کو سزا ہونی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگوں کو وزیراعظم، وزیر اعلیٰ بنانا توہین ہے، شہباز اور حمزہ کے کیسز کا فیصلہ نہ ہونے دینا سازش کا حصہ ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واضح ہوگیا اقتدار میں اپنے کیسز، نیب ختم کرنے آئے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں، کوشش کر رہے ہیں ریلیف مل جائے۔
Comments are closed.