عمران خان پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے خوش

103

لاہور:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

زمان پارک لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر اعجاز چوہدری اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر کوآرڈینٹرز نے رپورٹ پیش کی، ہر ایک نے اپنے اپنے ڈویژن کے ارکان سے رابطوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر عمران خان کو اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا کہ گزشتہ روز حکومتی ارکان نے21 بل پاس کراکر اپوزیشن کو اسمبلی میں پھر شکست دے دی۔ذرائع کے مطابق اس بریفنگ پر عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اپنے ارکان کی تعداد مکمل رکھی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نےکہا تو اعتماد کا ووٹ لیں گے، ہماری تیاری مکمل ہے، سازشوں سے نہیں گھبرائیں گے۔

Comments are closed.