پاکستان پریس کلب یوکے کے بانی و سابق صدر مبین چوہدری کی نماز جنازہ والتھم سٹو لندن کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی
لندن:برطانیہ کے نامو ر معروف صحافی پاکستان پریس کلب یوکے کے بانی و سابق صدر مبین چوہدری کی نماز جنازہ والتھم سٹو لندن کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت ،نماز جنازہ میں برطانیہ اور پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی نمائندہ شخصیت سمیتبرطانیہ کے تمام بڑے شہروں اور خاص طور پر لندن اور اس کے گردونواع میں مقیم صحافتی کیمونٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کے آخری دیدار کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور زار وقطار رونے لگے، آہوں اور سسکیوں میں لوگ ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے اپنے غم کو ہلکا کر رہے تھے، لندن سمیت برطانیہ بھر سے صحافتی کیمونٹی نے بلا تفریق و تقسیم نماز جنازہ میں سو فیصد شرکت کی، لندن کا تقریباً ہر صحافی نماز جنازہ میں موجود تھا، لندن کے صحافیوں نے اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے پیار و محبت کا عملی مظاہرہ کیا ۔ مبین چوہدری کا تعلق کسی بھی میڈیا گروپ یا صحافتی تنظیم پریس کلب سے ہو۔ بحیثیت صحافی وہ ہمارا بھائی تھا اور ہم سب ایک جسم و جان کی طرح ہیں۔
ہمارا جینا مرنا دکھ غم سب سانجھے ہیں کیمونٹی کے دیگر طبقات نے صحافیوں کے اتفاق و اتحاد پیار و محبت کو سراہتے ہو ئے ان کے مثبت کردار کی تعریف کی ہے۔ مبین چوہدری باصلاحیت با کردار صحافی تھا ان کی صحافتی اور کیمونٹی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی ۔ برطانیہ کے بہت سے صحافیوں کو مبین چوہدری کی وجہ سے صحافت میں آنے کا موقع ملا، انہوں نے ایڈیٹر روزنامہ اوصاف لندن کی حیثیت سے بہت سے صحافیوں کو شعبہ صحافت میں آنے کا موقع فراہم کیا اور ان کی بطور استاد مدد اور راہنمائی کو یقینی بنایا۔
مبین چوہدری ایک اچھے صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ہمددد اور کام آنے والے دوست بھی تھے ،اسی وجہ سے برطانیہ بھر کے صحافی ان کے ساتھ انتہائی عقیدت اور پیار و محبت رکھتے تھے، انہوں نے ہمیشہ اپنے جونیئر ساتھیوں کی مدد اور راہنمائی کو ہر سطح پر یقینی بنایا۔ میرا مبین چوہدری سے تعلق بیس سالوں سے زائد کا تھا ان کا شمار میرے برطانیہ کے پہلے چند ابتدائی صحافی دوستوں میں ہوتا ہے۔ ان سے مضبوط دوستی اور تعلق کا رشتہ آخری وقت تا قائم رہا،ان کی موت سے دل انتہائی دُکھی اور پریشان ہے۔ موت برحق ہے ہر انسان نے اپنی باری پر اس دنیا فانی کو بالاآخر چھوڑنا ہے۔
مبین چوہدری نے ایک شاندار قابل فخر زندگی بسر کی ، انتقال سے چند گھنٹے قبل انہوں نے برطانیہ بھر سے اپنے سینکڑوں دوستوں سے ملاقات کی ،وہ دوستوں سے آخری ملاقات کر کے اس دنیا فانی سے باوقار انداز میں رخصت ہوئے اور جس عزت پیار و محبت اور شان سے انہیں برطانیہ بھر کے صحافیوں اور کیمونٹی راہنماؤں نے نماز جنازہ کے بعد الوداع کیا وہ یقینی طور پر قابل رشک ہے۔ الوداع اللہ تعالی کے سپرد مبین بھائی اللہ تعالیٰ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ہمیں آپ کی بے وقت موت کا غم مدتوں رہے گا۔
Comments are closed.