انسانی حقوق کے حوالے سے لوٹن میں کانفرنس کا انعقاد

170

لوٹن:انسانی حقوق کے عالمی دن کی نسبت سے لوٹن میں برٹش کشمیریوں کی طرف سے لوٹن ٹاؤن ہال میں "منقسم خاندان اور انسانی حقوق” کے حوالے سے ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں لوٹن باور کونسل کے ممبران سمیت کمیونٹی کے سیاسی و سماجی رہنمائوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

کانفرس کی صدارت فارلے ہل سے ممبر لوٹن بارو کونسل کونسلر محمود حسین نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سینٹر کمیونٹی لیڈر اور JKLF برطانیہ کے ممبر ورکنگ کمیٹی اعجاز ملک نے ادا کئے۔ اجلاس سے ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل کونسلر راجہ اسلم خان، سابق میئر کونسلر ظاہر ملک، کونسلر وحید اکبر، ریاض بٹ، ڈپٹی میئر کونسلر آصف چوہدری ، کونسلر کاشف چوہدری ، بلڈنگ برجز کے راجہ اکبر اور کونسلر حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جبکہ مہمان خصوصی لوٹن فیتھ کونسل کے چیئر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سفارتی شعبہ کے سربراہ پروفیسر ظفر خان نے ریاست جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور منقسم خاندانوں کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ریاست جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور عالمی طاقتیں پاکستان اور ہندوستان پر زور ڈالیں کہ وہ ریاست باشندگان کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنائیں ۔انھوں نے کیا کہ اس سے بڑی بدقسمتی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کیا ہو سکتی ہے کہ کشمیری دنیا بھر میں سفر کر سکتے ہیں لیکن اپنی ہی ریاست کے دوسرے حصے میں آباد اپنے بچھڑے خاندان سے مل نہیں سکتے۔

مقررین نے اس بات کر اتفاق کیا کہ ریاست کی آزادی اور انسانی حقوق کی بحالی کے لئے برطانیہ میں آباد کشمیریوں کو متحرک کیا جائے گا اور کمیونٹی کی سطح پر ایسی مزید کانفرسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر درجذیل قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔

1 ۔ عالمی برادری اور طاقتور قوتیں ریاست جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ہندوستانی حکومت کی طرف سے کشمیری رہنماوں پر قائم بے بنیاد مقدمات کو ختم کیا جائے اور چیرمین JKLF جناب یاسین ملک سمیت قید رہنماوں کو فوری رہا کیا جائے۔

2۔ پاکستان اور ہندوستان سیز فائر لائن کے دونوں طرف آباد کشمیریوں کو آزادانہ نقل حرکت کی سہولت مہیا کریں اور ریاست باشندہ سرٹیفکیٹ پر سفری سہولیات مہیا کی جائیں ۔ 3۔ میرپور میں منگلا ڈیم پر زیر تعمیر رٹھوہ ہریام پل کا باقی ماندہ کام فوری مکمل کیا جائے اور اسے ٹریفک کے لئے کھولا جائے۔ میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام فوری شروع کیا جائے اور ڈرائی پورٹ کا وعدہ بھی پورا کیا جائے۔

Comments are closed.