تحریک کشمیر برطانیہ لوٹن کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر پروگرام کا انعقاد

149

لوٹن: 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحریک کشمیر برطانیہ لوٹن برانچ کے زیراہتمام پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر میں علما کرام، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت صحافیوں اور کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے بھا ئیوں کے ساتھ اپنا اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام عالم، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قرادووں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو اس وقت بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کر رہا ہے ان کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ اپنے بنیادی چارٹر کی شق 1 کے تحت ان کا فلفور نوٹس لے۔

پروگرام میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد محمود خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام خطوں کے کشمیری ایک نقطہ پر یکجا ہو کر اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لئے پوری دنیا پر دبا ئو ڈالیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو ایک نمائندہ حکومت کا درجہ دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور حکومت اس نمائندہ حکومت کی حیثیت کو تسلیم کرے تاکہ کشمیری خود پوری دنیا میں اپنے کیس کو موثر انداز سے پیش کر سکیں۔

انہوں نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کا کشمیر پر رویہ غیرسنجیده اورغیرموثرہے انہیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہو گی اور کشمیر پر سنجیدگی سے سوچنا ہو گا ورنہ تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

مقررین میں ڈپٹی لیڈرلوٹن بارو کونسل راجہ اسلم خان، مولانا اقبال اعوان، امام سنٹرل مسجد لوٹن حافظ اعجازاحمد ، حاجی قربان ،چوہدری شریف،راجہ اعظم ، صحافی راجہ اسرار، مسلم کانفرنس کے رہنما امیتاز چوہدری، تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما زاہد اقبال، سابق میئر ریاض بٹ اور دیگر نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تجدید عہد کیا کہ وہ انٹرنیشنل فرنٹ میں پہلے سے زیادہ منظم اور مربوط ہو کر کام کریں گے۔

Comments are closed.