نوازشریف میری نااہلی چاہتا ہے،عمران خان

88

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف میری نااہلی چاہتا ہے، یوں لگ رہا ہے جنرل (ر) باجوہ کی پالیسی اب بھی چل رہی ہے اور الیکشن میں دھاندلی ہوگی۔

میڈیا کے مطابق زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ایک آدمی کا نام نہیں، نیا آرمی چیف اپنی پالیسی لاتا ہے، جنرل (ر) باجوہ نے لابنگ کر کے حسین حقانی اور دوسرے لوگوں کو رکھوایا، یہ لوگ امریکا میں میرے خلاف لابنگ کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’پہلی بار پاکستانی عوام نے رجیم چینج کو قبول نہیں کیا مگر اب ایسے لوگوں کو لایا جارہا ہے جو 25 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں، یوں لگ رہا ہے انتخابات میں دھاندلی ہوگی‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’آئین میں واضح ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں انتخابات ہونے چاہیے، اسمبلیاں جب بھی تحلیل ہوتیں نگراں حکومت میں یہی لوگ آتے، ایسی انتقامی پہلے کبھی نہیں دیکھیں یو لگ رہا ہے ابھی بھی باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینا بہت بڑی غلطی تھی، یہ غلطی نہیں بلنڈر تھا‘۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ کوئی وجہ بتائے گا ڈالر، پیٹرول اور دوسری چیزیں کیوں مہنگی ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیلات مانگیں جو نہیں دی گئیں، حکومت توشہ خانہ میں پھنس گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ نوازشریف چاہتا ہے عمران خان کی نااہلی ہو۔ جیل بھرو تحریک پُرامن احتجاج ہے اس کے بعد دوسرا راستہ ہمارے پاس احتجاج کا ہے۔

ملکی سیاسی صورت حال، معاشی چلینجز اور دہشت گردی کے بڑھے واقعات کے سوالات پر جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مؤثر حکمت عملی سے تحریک انصاف اپنے دور میں دہشت گردی پر مکمل قابو پا چکی تھی، 2018 میں جب ہماری حکومت آئی تو ہم نے افغانستان طالبان اور امریکا سے با ت چیت میں کردار ادا کیا ، سمجھتے تھے کہ افغانستان میں امن ہو گا تو اس میں پاکستان کو بھی فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 26 سال پہلے قانون کی با لادستی کے لیے سیاست میں آیا ، جو ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا ئیں وہ اسے ٹھیک کیسے کر سکتے ہیں ، 99 کی طرح ن لیگ نے 2018 میں بھی تباہ حال معیشت اپنے پیچھے چھوڑی، ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھےمگر اس کے باجود پاکستان نے ترقی کی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے گرتے ہوئے 90 روپے تک کم ہو چکی ہے، روپے کی گراوٹ کاا ثر ہر شعبے پر آرہا ہے اور مہنگائی عوا م کیلئے بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔

Comments are closed.