الخدمت فاؤنڈیشن کا ترکیہ اورشام کے زلزلہ متاثرین کیلئے50کروڑ روپے امداد کا اعلان

101

لاہور:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 50 کروڑ روپے سے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں کی جانب سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ ان میں سیکریٹری جنرل وقاص جعفری، الخدمت گلوبل کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال اور سینیئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی موجود تھے۔

وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے ’’قرض بھی۔۔۔ فرض بھی‘‘ مہم کا آغاز کردیا ہے، الخدمت پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین اور مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے 50 کروڑ روپے سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے جس میں 6200 خیمے، 25000 کمبل، 10000 ٹرپولین شیٹس اور 300 ٹن کھانے پینے کا سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے فورا بعد سے الخدمت کی جانب سے ترکیہ اور شام میں پارٹنر تنظیموں کی مدد سے پکے ہوئے کھانے، فوڈ پیکیج، گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔

الخدمت گلوبل کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ترکی اور شام کے دورے پر ہیں اور وہاں ترک حکومت، رفاعی اداروں، پاکستانی طلبہ اور بزنس کمیونٹی کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کی خواہش پر الخدمت کے رضاکاروں کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں موجود ہے جسے اے ایف اے ڈی نے پاک 10 کا نام دیا ہے، یہ ٹیم ملبے میں انسانوں کی تلاش کے جدید آلات سے لیس ہے اور یہ اقدام اسلام آباد میں جمہوریہ ترکی کے سفارت خانے اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( ٹیکا) پاکستان کے مشورے اور تعاون سے کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت رضاکاروں کی 3 ٹیمیں فیلڈ میں موجود 2 شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور الخدمت کے رضاکار آڈیو سرچ کیمرا، ہائیڈرالک کمبل ٹول، چینسا ڈی کٹ، چیپنگ ہامر، اینگل گرینڈر، گیس ڈیٹیکٹر، سپائن بورڈ، چیسٹ ایکسٹریکشن ڈیوائس اور فولڈنگ سٹریچر آرمی جیسے جدید آلات سے لیس ہیں۔

Comments are closed.