دبئی:پاسپورٹس کی درجہ بندی کرنے والے ادارے نوماڈ کیپیٹلسٹ نے رواں برس کی فہرست جاری کردی جس میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز خلیجی مسلم ملک متحدہ عرب امارات کے حصے میں آیا ہے۔
نوماڈ کیپیٹلسٹ پاسپورٹ کی ریٹنگ صرف ویزہ فری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نہیں کرتا۔ جیسے کہ دیگر ادارے کرتے ہیں۔ نوماڈ کیپیٹلسٹ یہ درجہ بندی پانچ بنیادوں پر کرتا ہے۔
اول یہ کہ کسی ملک کے پاسپورٹ کےلیے کتنے ممالک میں ویزہ فری سروس ہے۔ اس کے نمبر 50 فیصد تک رکھے گئے ہیں۔ دوم یہ کہ شہریوں کی محصولات کیا ہیں جس کے 20 فیصد نمبر ہیں جب کہ سوم دنیا میں اس ملک کا تاثر، چہارم دہری شہریت اور پانچواں اس ملک میں شخص آزادی ہے جن کے نمبرز دس دس فیصد ہیں۔
نوماڈ کیپیٹلسٹ کی فہرست 2023 میں پہلا نمبر متحدہ عرب امارات کا ہے جس کے پاسپورٹ پر 181 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔ محصولات میں 50 نمبر، تاثر میں 40 جب کہ دہری شہریت اور شخصی آزادی میں تیس تیس نمبر ملے۔اس طرح متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر 110.5 اسکور حاصل کرکے نوماڈ کیپیٹلسٹ کی فہرست میں دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا ملک بن گیا۔
یاد رہے کہ نوماڈ کیپیٹلسٹ کی گزشتہ برس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات 32 ویں نمبر پر تھا۔
متحدہ عرب امارات کے بعد فہرست میں سوئٹزرلینڈ اور لگسمبرگ 108 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے جن کے پاسپورٹس پر 174 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔
تیسرے نمبر کے لیے بھی دو ممالک، آئرلینڈ اور پرتگال کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔ دونوں 50 .107 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر اس نمبر کے حق دار قرار پائے۔ ان پاسپورٹس پر 173 ممالک میں بغیر ویزے کے جایا جا سکتا ہے۔
فہرست میں چوتھے نمبر پر بھی دو ممالک موجود ہیں۔ جرمنی اور چیک ریپبلک کا اسکور 107، 107 رہا۔ نیوزی لینڈ 106.50 اسکور کے ساتھ 8 واں نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور سوئیڈن، فن لینڈ، نیدرلینڈز مشترکہ طور پر 9 ویں نمبر پر جب کہ ناروے دسویں نمبر پر رہا۔اس فہرست میں 200 میں سے چین کا نمبر 128، بھارت کا 159 اور سری لنکا کا 170 ہے جب کہ بنگلادیش 182 ویں نمبر پر ہے۔
نوماڈ کیپیٹلسٹ کی فہرست میں کمزور ترین پاسپورٹس میں پاکستان 31.50 اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر رہا۔ کمزور پاسپورٹ میں پاکستان سے اوپر بالترتیب صرف عراق، یمن اور افغانستان ہیں۔
Comments are closed.