مالکان مکان فروخت کیلئے قیمت میں 14,000 پونڈ کمی کرنے کو تیار

106

لندن:پراپرٹی ویب سائیٹ زوپلا کے مطابق اب مالکان مکان اپنی پراپرٹی فروخت کرنے کیلئے قیمت میں 14,000پونڈ کمی کرنے کو تیار ہوگئے ہیں۔زوپلا نے یہ تجزیہ پراپرٹی کی طلب کردہ قیمت اور قیمت فروخت کو دیکھ کر کیا ہے۔تجزیئے کے مطابق مکانوں کی قیمت میں 4.5فیصد تک کمی ہوچکی ہے اس کا سبب لوگوں کی قیمت خرید میں آنے والی کمی اور مارگیج کی شرح میں اضافہ ہے۔

زوپلا کے مطابق اس کے پاس فروخت کیلئے پیش کئے جانے والے 41فیصد مالکان مکان اپنی طلب کردہ قیمت میں کمی کرنے پر تیار ہیں۔ زوپلا کے مطابق مارکیٹ کی موجودہ صورت حال پر کورونا سے قبل کی صورت حال غالب ہے ،اطلاعات کے مطابق فی الوقت ہر اسٹیٹ ایجنٹ کے پاس اوسطاً 24 مکان موجود ہیں جس کی وجہ سے مکان خریدنے والوں کو قیمتیں کم کرانے کیلئے اصرار کرنے کا موقع مل رہاہے، زوپلا کے مطابق مکانوں کی قیمتوں میں کمی کا یہ رجحان اگلے مہینوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

زوپلا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ ڈونیل کا کہناہے کہ مکان فروخت کرنے کی جانب سے حقیقت پسندی کے سبب ہائوسنگ مارکیٹ کو مدد مل رہی ہے ،بہت سے مالکان مکان حالیہ برسوں کے دوران مکان کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے خاصہ فائدہ اٹھا چکے ہیں اس لئے اب وہ مکان کی طلب کردہ قیمت میں کمی کرنے پر آمادہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ رجحان روان سال جاری رہے گا قیمتوں میں 5 فیصد تک کمی ہوگی اور ایک ملین مکانوں کی خریدوفروخت مکمل ہوجائے گی۔

دوسری طرف ہیلی فیکس کی ریسرچ کے مطابق کورونا کی وبا کے دوران مکانوں کی قیمتوں میں پہلے ہی بہت اضافہ ہوچکاہے اور جنوری 2020سے دسمبر 2022کے دوران مکان کی قیمتوں میں 20.4فی صد اضافہ ہوچکاہے ،ہیلی فیکس کا کہناہے کہ جنوری 2017 سے دسمبر 2019کے دوران مکانوں کی قیمتوں میں اوسطاً7.8فیصد اضافہ ہواتھا ،ہیلی فیکس کے مارگیج ڈائریکٹر کم کن نیرڈ کا کہناہے کہ کورونا کی وبا نے برطانیہ میں پراپرٹی مارکیٹ کا حلیہ تبدیل کردیا اور اگرچہ اس کے بہت سے اثرات زائل ہوچکے ہیں لیکن ہمیں مکانوں کی اوسط قیمتوں میں تبدیلی کے امکانات سے بے خبر نہیں رہنا چاہئے۔

ان کاکہناہے کہ اس وقت بھی بڑی پراپرٹیز کی طلب میں اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے پورے برطانیہ میں ان کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے اور اس کے اثرات آج بھی مکان خریدنے اور بیچنے والے دونوں پر واضح نظر آتے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ مکان کی اوسط قیمت اب بھی 2020کے مقابلے میں 25 زیادہ ہے اور اگر مکانوں کی قیمتوں میں 10فیصد کمی ہوئی بھی ہے تو بھی مکان کی قیمتیں کورونا کی وبا سے قبل کے مقابلے میں اوسطاً 50,000پونڈ زیادہ ہیں۔

Comments are closed.