واٹس ایپ کا یورپی یونین قوانین کی پاسداری پر اظہار رضامندی

91

برسلز:واٹس ایپ نے یورپی یونین قوانین کی پاسداری پر رضامندی کا اظہار کر دیا ہے۔

یورپی کمیشن کے مطابق واٹس ایپ نے پرائیویسی پالیسی اپ ڈیٹ میں تبدیلیوں کو زیادہ شفاف بنانے پر اتفاق کیا۔یورپی صارف تنظیم بی ای یو سی اور یورپی نیٹ ورک برائے صارف اتھارٹی نے واٹس ایپ کو پچھلے سال آگاہ کیا تھا کہ اس نے صارفین کو اپنی تبدیلیوں سے واضح اور صاف الفاظ میں آگاہ نہیں کیا ہے۔

واٹس ایپ نے اب یورپی یونین صارفین کو اپنی تبدیلیاں واضح الفاظ میں بیان کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔واٹس ایپ صارفین کو بتائے گا کہ ایپ استعمال کرنے کیلئے جس معاہدے کو وہ منظور کرتے ہیں وہ کس طرح ان کے حقوق کو متاثر کرسکتا ہے۔

میسیجنگ ایپ نے اس بات پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ صارفین کو تبدیلیاں قبول یا رد کرنے کا واضح آپشن دے گا۔کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اشتہاری مقاصد کیلئے صارفین کی ذاتی معلومات میٹا کی دیگر کمپنیز بشمول فیس بک یا اس کے علاوہ کسی بھی کمپنی کو فراہم نہیں کی جاتیں۔

جسٹس کمشنر ڈیڈیئر رینڈرز کا کہنا تھا کہ صارفین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس معاہدے کو سمجھ سکیں جس پر انہوں نے حامی بھری ہے اور اس کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں تاکہ وہ پلیٹ فارم استعمال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرسکیں۔

Comments are closed.