بریڈ فورڈ کے سابق میئر اور موجودہ کیگلی کونسلر نے کنزرویٹو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا

89

بریڈفورڈ: سابق لارڈ مئیر آف بریڈفورڈ کونسلر ظفر علی نے کنزرویٹو پارٹی سے استعفیٰ دے کر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا، انہوں نے پارٹی پر آئندہ کونسل کے انتخابات کے لیے امیدواروں کے انتخابی عمل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیتھلے اور ایلکلے کنزرویٹوایسوسی ایشن نے پارٹی کے لیے میری خدمات کو نظرانداز کیا ہے اور مئی کے بلدیاتی انتخابات کےلیے کسی دوسرے امیدوار کو نامزد کرکے مایوس کیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ انہیں امیدوار کے طور پر انتخاب کے سلسلے میں نامناسب حربوں کا سامنا کرنا پڑا ۔جبکہ مقامی ٹوری گروپ لیڈر نے کونسلر ظفر علی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ انتخاب کا عمل ایک مقابلہ تھا اور یہ کہ کونسلر ظفر علی کو ہارنا پسند نہیں تھا۔کونسلر ظفر علی نے مزید کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ مجھے ایک ایسی پارٹی کو چھوڑنا پڑاہے جس کے لیے میں نے اپنی سیاسی زندگی 15 سال سے زیادہ وقف کیے ۔

انہوں نے کیتھلے سینٹرل وارڈ سے امیدوار کے طور پرروکنے کے لیے ایک چھوٹے گروہ پر سازش کا الزام لگایا۔بریڈفورڈ میں کنزرویٹو پارٹی کے رہنما کونسلر ربیکاپولسن نے کونسلر ظفر علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا لیکن انتخابی عمل کے بارے میں ان کے دعووں پر سخت ردعمل کا اظہار کیااور ظفر علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیتھلے سنٹرل وارڈ کے کونسلر کے طور پر نہ صرف خدمات انجام دیں بلکہ ایک سال میں بحثیت لارڈ میئر کےطور پر بھی کام کیا۔

کیتھلے سینٹرل میں کنزرویٹو پارٹی کے مقامی اراکین نے، مینڈیٹ سلیکشن کے عمل کےبعد جاوید اختر کو مئی میں اپنا امیدوار منتخب کیا، انتخاب کا کوئی بھی عمل ایک مقابلہ ہوتا ہے ۔کیتھلے اور ایلکلے کنزرویٹوایسوسی ایشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات پر شدید مایوسی ہوئی ہے کہ کونسلر ظفر علی نے ہمارے نئے امیدوار کی حمایت کرنے کے بجائے پارٹی چھوڑنے کا انتخاب کیا ہے۔

Comments are closed.