جنیوا: اقوام متحدہ ادارے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں عرب ممالک نے قرآن پاک کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات پر عالمی خاموشی کو مایوس کن قرار دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے United Nations Human Rights Council کے اجلاس میں عرب ممالک نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں نے قرآن پاک کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات کی مذمت کرنے سے گریز کیا۔
عرب ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے قطر کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ہند عبدالرحمان المفتاح نے کہا کہ مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب قرآن کو جلانے کے ناپاک واقعات پر عالمی ادارے کا رویہ نہایت مایوس کن ہے جس پر گہری تشویش ہے۔
عرب ممالک نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے ساتھ ساتھ جس ملک میں ایسے واقعات ہوئے ان پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے زور دیں۔
عرب ممالک نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ سویڈن سمیت ایسے تمام ممالک جہاں آزادیٔ اظہار رائے کے نام پر مذہب کو نشانہ بنایا جاتا ہے وہاں مذہبی احترام کے بنیادی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ سویڈن میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی انتہا پسند تنظیم کے رہنما راسموس پلودن نے ایک سے زائد مرتبہ قرآن کی بے حرمتی کرتے ہوئے سرعام قرآن کو نذر آتش کیا تھا۔
Comments are closed.