لندن:تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں معذور افراد میں خودکشی کا تناسب عام لوگوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوگیا ہے، قومی دفتر شماریات کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 40سے 50سال کے عمر کے لوگوں کی اکثریت ہے ۔قومی شماریات کا کہناہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ مختلف گروپوں میں خودکشی کی شرح کا موازنہ کیاجاسکاہے ،قومی شماریات کے مطابق اس سے اب یہ اندازہ لگانے میں آسانی ہوگی کہ انگلینڈ اور ویلز میں کون سے گروپ کے لوگوں میں خودکشی کے زیادہ خطرات ہیں اور اس طرح متعلقہ گروپ کے لوگوں کو خودکشی سے روکنے کیلئے ضروری سپورٹ فراہم کی جاسکے گی۔
قومی دفتر شماریاں کے مطابق معذور مردوں میں خودکشی کی شرح 48.36افراد فی لاکھ اور خواتین میں18.94فی لاکھ ہے جبکہ عام لوگوں میں مردوں میں خودکشی کی شرح 15.88اور خواتین میں اس کی شرح 4.47فی لاکھ ہے۔ قومی شماریات دفتر کا کہناہے کہ صحت کے مسئلے یا معذوری یا بڑھاپے کی وجہ سے روزمرہ کی سرگرمیاں محدود ہونے کے عوامل کو خودکشی کے اسباب میں ملاکر موازنہ کیاگیا لیکن اس میں معذور افراد میں خودکشی کاتناسب دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ رہا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دیگر عوامل اس کا سبب نہیں ہیں اور خودکشی میں اضافے کا بڑا سبب معذوری ہی ہے۔ بحیثیت مجموعی ہر عمر میں خودکشی کی سب سے زیادہ شرح 40سے 50سال عمر کے مردوں میں پائی گئی۔
اس عمر کے لوگوں میں خودکشی کی سب سے زیادہ شرح ایسے معذور لوگوں میں پائی گئی جنھوں نے کبھی ملازمت نہیں کی یا جو طویل عرصے سے بے روزگار تھے یا جنھوں نے شادی نہیں کی تھی ۔خواتین میں خودکشی کی سب سے زیادہ شرح45سے 50سال کی عمر کی خواتین میں پائی گئی۔ قومی شماریات دفتر کے مطابق شادی شدہ لوگوں یا کسی کے ساتھ پارٹنر شپ معاہدے کے ساتھ رہنے والوں میں خودکشی کی شرح مردوں میں 12.85فی لاکھ اور خواتین میں 4.17فی لاکھ ریکارڈ کی گئی۔قومی دفتر شماریات کے مطابق نسلی اعتبار سے خودکشی کی سب سے شرح مرودوں میں 21.03فی لاکھ اور خواتین میں 6.79 سفید فام لوگوں میں پائی گئی جبکہ مخلوط نسلی گروپوں میں یہ شرح مردوںمیں 23.56 فی لاکھ اور خواتین میں 9.57فی لاکھ پائی گئی۔
خودکشی کی سب سے کم شرح عرب گروپ میں پائی گئی جن میں یہ شرح مردوں میں 3.75فی لاکھ اور خواتین میں 2.54فی لاکھ پائی گئی۔قومی شماریات دفتر کے مطابق کسی بھی مذہب سے تعلق ظاہر کرنے والے گروپوں میں خود کشی کی شرح لامذہب کہلانے والے لوگوں کے مقابلے میں بہت کم پائی گئی۔ خودکشی کی سب سے کم شرح مسلمانوں میں پائی گئی مسلمان مردوں میں 5.14فی لاکھ اور خواتین میں 2.15فی لاکھ پائی گئی جبکہ بدھ مذہب کے ماننے والوںمردوں میں خودکشی کی شرح 26.58فی لاکھ اور خواتین میں 8.88فی لاکھ پائی گئی۔
Comments are closed.