چین میں خاتون بازی گر کرتب دکھاتے ہوئے بلندی سے گر کر ہلاک

77

بیجنگ:چین کے شہر سوژوو میں سرکس میں کرتب دکھاتے ہوئے خاتون بازی گر بلندی سے گر کر ہلاک ہوگئی۔

عالمی ذرائع ابلاغ میں شائع شدہ رپورٹس کے مطابق سُن نامی خاتون اپنے بازی گر شوہر کے ساتھ سوژوو شہر کے ایک دیہی علاقے میں کرتب دکھا رہی تھی۔

کرتب کے دوران ایک کرین رسے کے ذریعے شوہر اور بیوی دونوں کو فضا میں بلند کیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کررہی تھی۔ اس دوران سُن اپنے شوہر کے پیچھے سے اس کی گردن میں بانہیں ڈالے لٹکی ہوئی تھی۔

فضا میں جھولتے ہوئے سُن نے کرتب دکھانے کے لیے جب اپنی پوزیشن تبدیل کرنی چاہی تو شوہر کے سر پر سے اس کی گرفت ختم ہوگئی اور وہ چشم زدن میں نیچے اسٹیج پر آگری، جہاں اس کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

ضلعی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سُن کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔

اس افسوسناک واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرین دونوں بازی گروں کو فضا میں بلند کررہی ہے، اسی دوران سُن اپنا توازن کھوبیٹھتی ہے اور زوردار دھماکے کے ساتھ اسٹیج پرآگرتی ہے۔ اسے گرتے دیکھ کربے اختیار حاضرین کی چیخیں بلند ہوتی ہیں۔

فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ سُن کو اس کے شوہر نے اپنے پاؤں کے ذریعے بچانے کی کوشش کی مگر وہ چشم زدن میں نیچے جاگری۔

اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو نے چینی سوشل میڈیا کے صارفین کو چراغ پا کردیا ہے جو یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ سُن نے سیفٹی بیلٹ کیوں نہیں پہن رکھی تھی اورسرکس چلانے والی کمپنی نے ان کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر سیفٹی نیٹ اور کریش میٹ کا اہتمام کیوں نہیں کیا گیا تھا۔

ضلعی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گائوں میں سرکس کے اس شو کا اہتمام انہوئی یاشی پرفارمنگ آرٹس میڈیا کمپنی نے کیا تھا مگر کمپنی نے اس کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت نہیں لی تھی اور نہ ہی بازی گروں کی پرفارمینس کے دوران کوئی حفاظتی اقدامات کیے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اور آنجہانی بازی گر کے لواحقین کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور کمپنی انہیں ہرجانہ ادا کرے گی۔

Comments are closed.