جولائی سے عام گھرانے کے توانائی بلز میں 446 پونڈ تک کمی متوقع

67

لندن:نئی پیشگوئی کے مطابق جولائی سے ایک عام گھرانے کے توانائی کے بلز میں کمی متوقع ہے۔ کنسلٹنسی فرم کارن وال انسائیٹ کا کہنا ہے کہ آف جم کی طرف سے25مئی کو ایک نئے آفیشل پرائس کیپ کا اعلان کیا جارہا ہے جس کے تحت توانائی کے بل446پونڈ تک کم ہوسکتے ہیں۔

حکومت کی طرف سے توانائی کی قیمت کی گارنٹی کی وجہ سے ایک عام صارف اپنے توانائی کے بل میں سالانہ25سو پونڈ سے زیادہ ادا نہیں کرتا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جولائی کیلئے قیمت کی نئی حد2054پونڈ مقرر کی جائے گی جوکہ اکتوبر میں مزید کم ہوکر1976پونڈ ہوجائے گی۔

کارن وال انسائیٹ کے پرنسپل کنسلٹنٹ ڈاکٹر کریگ لوری نے کہا کہ نئی کیپ عام گھرانوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے، اس وقت بلز کے اگلے نو ماہ تک مستحکم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ا گرچہ بلز میں کمی آرہی ہے لیکن ان کو کوویڈ سے پہلے والی سطح تک آنے کیلئے ابھی کئی سال لگیں گے۔

گارنٹی اسکیم کو اگلے سال مارچ میں مکمل طور پر ختم کیا جارہا ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ حکومت کی اس سپورٹ سے ٹیکس دہندگان پر29.4بلین کی لاگت آئی ہے۔ کوویڈ کی پابندیوں میں کمی کے بعد ہول سیل انرجی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن یوکرین کی جنگ نے ان کو بہت اونچی سطح تک بڑھا دیا تھا۔

Comments are closed.