یورپی ملکوں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ، سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا

95

لندن:جولائی کے اختتام پر اسکولوں کی تعطیلات کا آغاز ہو جاتا ہے اور اگست کو ہالیڈیز کا ماہ تصور کیا جاتا ہے جب لاکھوں خاندان اکھٹے چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرون ملک یا اندرون ملک کا سفر اختیار کرتے ہیں۔

رواں برس صورت حال یہ ہے کہ جو لوگ سورج کی تلاش میں مختلف یورپی ممالک کا رخ کرتے تھے، انہیں وہاں بھی چین نہیں آرہا کیونکہ بیشتر یورپی ممالک میں بھی درجہ حرارت 40سنٹی گریڈ تک پہنچنے کے سبب سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ شدید گرمی کے سبب جنگلوں میں لگنے والی آگ بھی سیاحوں کیلئے مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔ برطانیہ جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب گزشتہ برس درجہ حرارت 40سنٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا تھا وہاں اس سال بارش سے جان نہیں چھوٹ رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کے پہلے ہفتہ میں بارشیں ہوں گی جو کہ پورا مہینہ بھی جاری رہ سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کے سبب بدھ کی صبح سےمڈلینڈز اور ویلز میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے ییلو وارننگ جاری کی ہے جنوبی ساحلوں پر صبح سے 4بجے سے تیز ہوائیں چلنا شروع ہو جائیں گی جس سے نہ صرف ان علاقوں میں لوگوں کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

60میل فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی ہوائوں سے نہ صرف پروازیں، ٹریفک بلکہ فیری سروس بھی متاثر ہوگی، البتہ اگست کے وسط میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع بھی ہے۔

Comments are closed.