ووسٹر شائر میں راہ گیروں کے گروپ سے کار ٹکرا گئی، خاتون ہلاک

67

لندن:ووسٹرشائر میں راہ گیروں کے ایک گروپ سے کار کی ٹکر کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو شدید زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ویسٹ مرسیا پولیس (ڈبلیو ایم پی) نے کہا کہ منگل کو چرچ سٹریٹ مالورن میں فیٹ500پیدل چلنے والے چھ افراد کے گروپ سے ٹکرا گئی تھی، جس کی وجہ سے ایک خاتون کو شدید چوٹیں آئی تھیں۔

ڈبلیو ایم پی نے بدھ کے روز کہا کہ خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ یہ افسوس ناک حادثہ تھا۔ کار ڈرائیور جائے وقوع پر موجود رہا اور پوچھ گچھ میں پولیس سے تعاون کر رہا ہے۔ اس حادثے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ڈبلیو ایم پی کے سارجنٹ لیام بینیٹ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ میں ایک خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، ہماری تمام تر ہمدردیاں اور خیالات اس کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حادثے کے اسباب کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ کیسے پیش آیا اور کس طرح کار پیومنٹ پر چڑھی اور راہ گیروں سے ٹکرائی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس حادثے کے بارے میں ہماری انویسٹی گیشن جاری ہے، لوگ اس بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کریں کہ کیا اور کیسے ہوا۔ کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والے دو شدید افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مزید تین راہ گیروں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جنہیں ہسپتال میں علاج کی ضرورت نہیں پڑی۔ فورس نے کہا کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے کے بارے میں کوئی معلومات یا فوٹیج ہیں تو وہ 8 اگست کے واقعہ 189 کا حوالہ دے کر پولیس فورس سے رابطہ کرے۔

Comments are closed.