واشنگٹن:سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سال 2024 میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں آئیووا کاکسز جیت کر سب سے آگے نکل گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں رواں برس ہونے والے صدارتی الیکشن میں رجسٹرڈ ووٹرز اپنی اپنی جماعت کے امیدواروں میں کسی ایک کو پارٹی امیدوار منتخب کرنے کے مرحلے میں حصہ لے رہے ہیں۔
ریپبلکن پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت 4 مضبوط امیدوار ہیں جن میں نکی ہیلی بھی شامل ہیں جو اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر ہیں۔
امریکی ریاست آئیووا میں ہونے والے ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدواروں کے انتخاب کے لیے پارٹی ووٹرز نے رائے شماری میں حصہ لیا جس میں ٹرمپ 51 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے نکل گئے۔
ٹرمپ کو 56 ہزار سے زائد ووٹ پڑے اور 40 میں سے کم از کم 20 مندوبین نے ان کا ساتھ دیا جب کہ دوسرے مضبوطو امیدوار ڈی سینٹس ثابت ہوئے جنھیں 23 ہزار سے زائد ووٹ ملے اور 8 مندوبین نے حمایت کی۔
نکی ہیلی تیسری مضبوط امیدوار ثابت ہوئیں جن پر 21 ہزار سے زائد ووٹرز اور 7 مندوبین نے اعتماد کا اظہار کیا۔ اس طرح یہ مقابلہ ٹرمپ بھاری اکثریت سے جیت گئے۔
اس اہم معرکے کو سر کرنے کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 2016 اور 2020 کے بعد 2024 میں بھی مسلسل تیسری بار اپنی جماعت ریپبلکن کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
Comments are closed.