لندن :برطانیہ میں برف باری اور شدید سردی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شدید برف باری کے باعث برطانیہ کے مختلف علاقوں میں اسکول بند کر دیئے گئے جبکہ مسافروں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز دوسرا دن تھا کہ نارتھ آف اسکاٹ لینڈ میں 120سے زیادہ اسکول بند رہے۔ محکمہ موسمیات نے پورے اسکاٹ لینڈاور شمالی انگلینڈ اور شمالی ویلز کے اکثر علاقوں کے لئے یلو وارننگ کر رکھی ہے، کہ بعض حصوں میں صورتحال جمعہ تک خراب رہے گی۔ ایبرڈین شائر اور نارتھ ہائی لینڈز میں برفباری اور پھسلن کے باعث کئی سڑکیں بند کر دی گئیں۔
اسکاٹ ریل نے بتایا کہ انورنس سے گلاسگو اور ایڈنبرا کے درمیان ان کی ٹرین سروسز میں خلل پیدا ہوا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بالائی علاقوں میں 20 سینٹی میٹر تک برفباری کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 10- تک گر جائے گا جس سے کئی دیہاتی علاقوں سے رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔
فیری سروس والوں نے بھی تاخیر یا پھر سروسز کے منسوخ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اسکاٹ لینڈ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت -7رہا۔ دوسری جانب ایئرپورٹ اور ٹرین آپریٹرز نے مسافروں کو متنبہ کیا کہ برفباری کے سبب فلائٹس میں تاخیر ہوسکتی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری شام تک تھم جائے گی البتہ سردی کی شدت بڑھنے کی توقع ہے درجہ حرارت نقط انجماد سے 10سے 15ڈگری تک گر سکتا ہے۔
Comments are closed.