برطانیہ:’’ایشا‘‘ کے بعد ایک اور طوفان ’’جوسلین‘‘ کا خطرہ، یلو وارننگ جاری

72

لندن :برطانیہ میں طوفان ایشا کے بعد ایک اور طوفان کی پیش گوئی کردی گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو 4ماہ میں دسویں طوفان کا سامنا ہے، طوفان ایشا کے بعد اب ایک اورطوفان جوسلین کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جوسلین کے زیر اثر علاقوں میں 85میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ برطانیہ کے زیادہ ترعلاقوں کے لیے طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کی یلو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ طوفان ایشا کے زیر اثر مختلف حادثات میں اب تک اموات کی تعداد 4 ہوگئی ہے جبکہ طوفان اور بارشوں کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں اس کے علاوہ درخت گرنے سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔ طوفان ’’ایشا‘‘ کے ٹکرانے کے بعد ناردرن آئرلینڈ میں 45ہزار، شمال مغربی انگلینڈ میں 8ہزار اور ویلز میں 3ہزار گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے بعض حصوں میں ہواؤں کی رفتار 99میل فی گھنٹہ تک جا پہنچی ہے۔ طوفان ایشا کے سبب ملک بھر میں ٹرینوں کا نظام بھی متاثر ہو گیا ہے، اسکاٹ لینڈ میں اتوار کی شام سے ہی ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی۔انگلینڈ میں بھی ٹرین سروس اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

طوفان ایشا کے سبب ڈرائیورز کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ائر ٹریفک کنٹرول کی پابندیوں کے سبب متعدد پروازیں منسوخ اور کچھ کا رخ موڑ دیا گیا ہے، طوفان ایشا کے سبب انگلینڈ اور ویلز میں ٹورنیڈو آنے کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

Comments are closed.