ایڈنبرا سٹی میں فٹ پاتھ پر گاڑی پارک کرنے والے ڈرائیوروں کو 100 پونڈ جرمانہ ہوگا

65

لندن:ایڈنبرا سٹی میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے نیا قانون نافذ کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایسے ڈرائیور جو فٹ پاتھ پر کار پارک کریں گے، ان کو سو پونڈ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ نیا قانون پیدل چلنے والوں کے علاوہ وہیل چیئر پر سوار افراد اور بچوں کی بگھی چلانے والے افراد کی سہولت کے لئے بنایا گیا ہے۔

ایسے افراد جو ڈبل پارکنگ کریں گے، ان کو بھی جرمانہ کیا جائے گا۔ لیکن ڈلیوری ڈرائیورز کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایڈنبرا کونسل میں ٹرانسپورٹ کنویئر سکاٹ آرتھر نے کہا کہ نئے قانون کے نفاذ سے ہماری سڑکیں اور گلیاں محفوظ ہوں گی۔

ڈرائیورز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اپنی گاڑی چاروں پہیوں کے ساتھ سڑک پر ایسے طریقے سے پارک کریں جس سے کسی کےلئے بھی سڑک پر مشکل پیش نہ آئے۔ اگر کسی سڑک پر ایسا ممکن نہیں تو وہ اپنی کار کسی دوسری محفوظ جگہ پر جاکر پارک کرے۔

بعض افراد نے نئے قانون پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے طریقہ کار سے سڑکوں اور گلیوں میں جگہ کم ہوجائے گی جس سے کوڑا اٹھانے والی اور ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو گزرنے میں مشکل پیش آئے گی۔ واضح رہے کہ ایڈنبرا سکاٹ لینڈ کا پہلا شہر ہے جہاں فٹ پاتھ پر گاڑی پاک کرنے پر سو پونڈ جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.