اخراجات زندگی میں اضافے کے بعد ریٹائرڈ لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافے کی ضرورت

51

لندن :پنشن سے متعلق ایک ادارے کے مطابق اخراجات زندگی میں اضافے کے بعد ریٹائرڈ لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافے کی ضرورت ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ اخراجات کے مطابق ایک تنہا شخص کو بھی ریٹائرمنٹ کے بعد مناسب زندگی گزارنے کے لئے کم از کم 31,300پائونڈ سالانہ کی ضرورت ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اخراجات زندگی میں اضافے اور پوتے پوتیوں کی جانب سے مالی سپورٹ کی توقعات کے پیش نظر اب آمدنی میں 8,000پائونڈ تک اضافہ ناگزیر ہے۔

پنشن اور لائف ٹائم سیونگ ایسوسی ایشن نے یہ تخمینہ عام گروپوں سے جمع کئے گئے شواہد کی بنیاد پر لگایا ہے۔ یہ تخمینہ ریٹائرمنٹ کیلئے بچت کرنے کی پلاننگ کرنے والے لوگوں کی رہنمائی کے کام آئے گا۔ یہ تخمینہ 3مختلف سطح پر لگایا گیا، جن میں کم از کم، اوسط اور بآسانی گزارہ کرنے کی سطح پر لگایا گیا ہے، یہ تخمینہ لاف برو یونیورسٹی کے سوشل پالیسی ریسرچ سینٹر نے اپنے طورپر تیار کیا ہے۔

تخمینہ لگایا گیا ہے کہ ایک تنہا فرد کو سالانہ کم از کم 14,400پائونڈ کی اور ریٹائرمنٹ کے بعد آسودگی کے ساتھ گزارا کرنے کیلئے 43,100پائونڈ سالانہ آمدنی کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ایک جوڑے کو گزارے کیلئے کم از کم 22,400 اور اوسط زندگی گزارنے کیلئے 43,100اور آسودگی کے ساتھ گزارا کرنے کیلئے کم از کم 59,000پائونڈ سالانہ کی ضرورت ہے۔ PLSA کے پالیسی ایڈووکیسی کے ڈائریکٹر نائجل Peaple کا کہنا ہے کہ اخراجات زندگی میں اضافے نے عام گھرانوں پر بہت زیادہ بوجھ ڈالا ہے اور ریسرچ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریٹائر منٹ کے بعد بھی ان اخراجات میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

مختلف گروپوں سے تفصیلی بات چیت سے یہ ظاہرہوا کہ ایک اوسط فرد ریٹائرمنٹ کے بعد لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ماہانہ کم از کم ایک مرتبہ اپنے پیاروں یعنی عزیز رشتہ داروں کے ساتھ گھر سے باہر کہیں کھانا کھاسکے اور اپنے پوتے پوتیوں کی کچھ مدد کرسکے، اس کیلئے ایک ہزار پائونڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ریسرچرز کا کہنا ہے اپریل میں پنشن کی مد میں صرف 8.5 فیصد اضافہ ہوگا، جس سے پنشن 11,500 پائونڈ سالانہ ہوجائے گی۔ پنشن پر تبصرہ کرنے والوں نے اس صورت حال کو آنکھیں کھولنے کیلئے کافی قرار دیا ہے۔

ایک دوسری رپورٹ میں پنشن پالیسی انسٹی ٹیوٹ نے بتایا ہے کہ خواتین کو مردوں کے مساوی پنشن حاصل کرنے کیلئے ریٹائر منٹ سے پہلے مردوں کے مقابلے میں 19 سال اضافی کام کرنا ہوگا۔ خواتین جب ریٹائر ہوتی ہیں تو ان کو اوسطاً 69,000 پائونڈ پنشن ملتی ہے جبکہ مردوں کو ریٹائرمنٹ پر 205,000 پائونڈ ملتے ہیں۔

Comments are closed.