گلاسگو:گلاسگو میں ایک پاکستان نژاد بچے 13سالہ مہد افضل کو چاقو کے پے در پے وار کر کے شدید زخمی کردیا گیا۔ بچے کے والد محمد افضل کے مطابق مہد مسجد سے فارغ ہو کر گھر واپس آرہا تھا کہ کوئینز پارک کے نزدیک ایک17سالہ غنڈے نے بلااشتعال مہد افضل پر حملہ کردیا۔
مہد خون میں لت پت ہو کر گر گیالیکن بعدازاں کوشش کر کے دوبارہ اٹھااور بمشکل چند قدم چل کر پارک کے دروازے تک پہنچااور گر کر بے ہوش ہوگیا۔ خوش قسمتی سے ایک پاکستانی فیملی وہاں سے گزر رہی تھی، اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی اور بچے کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے جسم پر لگے کئی زخموں کا ایمرجنسی میں علاج کیا گیا۔ مہد افضل اب روبصحت ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسجد سے گھر جانے کے لئے بس اسٹاپ پر کھڑاتھاکہ ایک نامعلوم شخص میرے قریب آیا اور بغیر کسی وجہ کے مجھ پر حملہ کردیا۔ مہد افضل اس غیر متوقع اور بلااشتعال حملے پر حیران تھا، وہ بالکل یہ توقع نہیں رکھتاتھاکہ کوئی فرد ان پر یوں بلاجواز حملہ کرے گا۔
پولیس نے ایک17سالہ لڑکے کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا ہے۔ گلاسگو کی پاکستان کمیونٹی میں اس حملے پر خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔
Comments are closed.