لندن :ایسٹ ڈنبرٹن شائر میں بیئرس ڈن کے Colquhoun پارک میں 70 سالہ خاتون پر حملہ کر کے عزت لوٹ لی گئی، خاتون شام کو 17:15 پارک کے قریب چہل قدمی کررہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو پکڑنا بہت ضروری ہے، علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے وقت علاقہ مصروف رہتا ہے اور لوگوں کی آمدورفت رہتی ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے عینی شاہدین سے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور 20سالہ سفید فام تھا، جس کا قد کم وبیش 5فٹ 8انچ تھا۔
تفتیشی انسپکٹر نیل گے کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں لوگ بڑی تعداد میں آتے جاتے ہیں، جن میں دوڑنے والے، ٹرین اسٹیشن جانے والے اور کتوں کو ٹہلانے والے بھی شامل ہوتے ہیں لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ابھی تک علاقے کے کسی فرد نے اس حوالے سے پولیس کے ساتھ رابطہ نہیں کیا ہے۔
پولیس خاص طور پران لوگوں سے رابطہ کرنا چاہتی ہے، جس نے علاقے میں تصاویر بنائی ہوں یا فلم بندی کی ہو۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ملزم کو ڈھونڈ نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
چیف انسپکٹر بریان فریزر کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ ہے، یہ واقعہ علاقے کے لوگوں کیلئے بہت ہی تشویش کا باعث ہے، ہم نے لوگوں میں پیدا ہونے والے خوف اور تشویش کو دیکھتے ہوئے علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیاہے اگر کسی کو کسی طرح کی شکایت یا خوف محسوس ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کرسکتا ہے۔
Comments are closed.