لندن:تین چوتھائی سے زیادہ برطانوی بچے فطرت کے مناظر میں زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ دی نیشنل ٹرسٹ اور فرسٹ نیوز، جو بچوں کا ایک اخبار ہے، نے سات سے 14سال کی عمر کے 1000 نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ان بچوں کے 1000سے زیادہ والدین سے گھروں سے باہر تک رسائی کے بارے میں سوالات کئے تھے۔ یہ سروے، جو فروری میں کروایا گیا تھا، سے پتہ چلا کہ 76فیصد بچے فطری ماحول میں زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں اور نصف سے زیادہ (56فیصد) فطرت تک بہتر رسائی چاہتے ہیں۔
سروے میں یہ بات بھی سامنےآئی کہ پانچ میں سے چار والدین (80فیصد) اس بات پر متفق ہیں کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ سبز جگہ بچوں سے 15منٹ کے پیدل سفر سے زیادہ نہ ہو۔ وزیراعظم رشی سوناک نے جنوری 2023میں فطرت کی بحالی کے وسیع تر منصوبوں کے حصے کے طور پر ہر ایک کے لئے سبز جگہ یا پانی کے 15 منٹ کے فاصلے پر ہونے کے لئے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کے ماحولیاتی بہتری کے منصوبے نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی ہے کہ 38فیصد لوگ سبز اور نیلی جگہوں سے ایک چوتھائی گھنٹے سے زیادہ پیدل سفر کرتے ہیں لیکن 2023کے آخر میں گارڈین اخبار نے رپورٹ دی کہ حکومت نے عہد کو پورا کرنے کے منصوبوں کو روک دیا ہے اور اسے قانونی طور پر پابند بنانے کے خیال کو مسترد کر دیا ہے۔
نیشنل ٹرسٹ پول کے مطابق تقریباً دو تہائی والدین (63فیصد) اپنے بچوں کو ہفتے میں ایک بار یا اس سے کم سبز جگہ پر لے جاتے ہیں۔ سروے رپورٹ میں یہ بھی تجویز کیا گیاکہ کم آمدنی والے گھرانوں میں سے تقریباً ایک تہائی (31فیصد) والدین نے اخراجات کو فطرت تک رسائی میں بنیادی رکاوٹ کا سبب بتایا۔ نیشنل ٹرسٹ اور فرسٹ نیوز حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ہدف کو قانون کے دائرے میں رکھتے ہوئے زیادہ پختہ عزائم کے ساتھ آگے بڑھے۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی جب انہوں نے وائلڈ لائف فوٹو گرافی کا مقابلہ شروع کیا تاکہ نوجوانوں کو اپنے اردگرد کی فطرت کے ساتھ مشغول ہونے کی ترغیب دی جا سکے، چاہے وہ کہیں بھی رہتے ہوں۔ نیشنل ٹرسٹ ڈائریکٹر جنرل ہیلری میکگریڈی نے کہا ہے کہ فطرت تک رسائی کو یقینی بنانے کے فوائد دیکھنے میں تو سادہ ہیں لیکن اس تک غیر مساوی رسائی ہے۔ہم وکٹورین دور کے بعد شہری سبز جگہ تک رسائی میں سب سے بڑی بہتری دیکھنا چاہتے ہیں۔فطرت میں ہونے کا اثر نوجوانوں پر بہت گہرا ہے اور ہمارے پالیسی سازوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ کھڑے ہوں اور ایک طویل مدتی منصوبہ تیار کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر کسی کو سبز جگہ تک رسائی حاصل ہو۔
فرسٹ نیوز ایڈیٹر نکی کاکس نے کہا کہ مقامی سبز جگہیں ہر ایک کے لیے اہمیت رکھتی ہیں کیونکہ یہ جسمانی اور ذہنی صحت کو فروغ دینے، کمیونٹی کے روابط کو فروغ دینے اور ہمارے ارد گرد حیاتیاتی تنوع کو سپورٹ کرنے جیسے اہم فوائد فراہم کرتی ہیں۔بچوں کو فطرت کے ساتھ جوڑنا صرف گھر سے باہر کی تلاش کے بارے میں نہیں ہے، یہ ان کے تجسس، لچک اور احساسِ حیرت کو پروان چڑھانے کے بارے میں ہے، جو ایک زیادہ پائیدار اور ہمدرد مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔ سٹڈیز سے پتہ چلتا ہے کہ سبز جگہ اور فطرت تک رسائی سے نشوونما کے ساتھ ساتھ جسمانی اور ذہنی تندرستی کے بے شمار ثابت شدہ فوائد ہیں۔ پی اے نے تبصرہ کے لیے محکمہ ماحولیات (ڈیفرا ) سے رابطہ کیا ہے۔
Comments are closed.