تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو ایک حادثے کے نتیجے میں عجلت میں بے ترتیب اور بے ہنگم لینڈنگ کرنا پڑی جس کے بعد سے صدر اور وزیر خارجہ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ امیرعبداللہیان کو لے کر آنا والا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کے ساتھ سرحد سے واپسی کے دوران پہاڑی علاقے سے گزرتے ہوئے گہرے دھند کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر ابراہیم رئینی اور وزیرخارجہ امیر عبداللہیاں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عہدیدار نے بتایا کہ ہم تاحال پرامید ہیں لیکن جائے وقوع سے آنے والی خبریں انتہائی تشویش ناک ہیں۔
ایرانی خبرایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سمیت اعلیٰ حکام آذربائیجان کی سرحد میں آذری صدر کے ہمراہ ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس ایران آرہے تھے۔ حادثہ ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان میں پیش آیا۔
Comments are closed.