مودی کا واضح اکثریت کے ساتھ جیت کا دعویٰ، حکومت بنانے کا اعلان

72

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعظم مودی نے لوک سبھا کے الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی اے تیسری بار حکومت بنانے جارہی ہے۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’عوام نے ایک بار پھر ہم پر بھروسہ کیا، آج بڑا دن ہے کیونکہ این ڈی اے تیسری بار حکومت بنانے جارہی ہے، الیکشن نتائج سامنے آنے کے بعد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی جیت ہوئی‘۔

مودی نے کہا کہ یہ دراصل چالیس کروڑ بھارتیوں کی جیت ہے کیونکہ ایک بار پھر عوام نے این ڈی اے کو بھاری اکثریت دے کر کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سمیت ہم نے مشکل وقت میں وہ فیصلے کیے جو قوم اور بھارت کیلیے بہتر تھے۔

بھارتی وزیر اعظم نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیشن اور انتخابی امور انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی گرمی میں سب نے بہترین کام کیا۔مودی نے بتایا کہ ریاست کیرالہ اور اڑیسہ میں بھی ہم نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے جہاں پہلی بار ہم وزیراعلیٰ لانے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 نشستیں حاصل کرنے والی جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد این ڈی اے نے 206 جبکہ کانگریس نے 141 نشستیں جیت لی ہیں۔

Comments are closed.