لندن :برطانیہ میں 4 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں جن مسائل کے حوالے سے سیاسی جماعتیں اپنی مہم چلا رہی ہیں ان میں امیگریشن کا ایشو سرفہرست ہے۔حکومت نے کہاہے کہ روانڈا منصوبے کی تکمیل کے لیے عوام ٹوری کو کامیاب بنائیں، لیبرلیڈرکاکہنا ہے کہ اقتدار ملا تومنصوبہ ختم کردینگے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم رشی سوناک نے جہاں قانونی طور پر آنے والوں کیلئےبنیادی تنخواہ کی حد میں اضافہ کیا ہے وہیں غیر قانونی طور پر خصوصاً سمندر کے راستے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے آنے والوں کی حوصلہ شکنی کیلئے روانڈا منصوبہ متعارف کرایا جس کے تحت برطانیہ آکر سیاسی پناہ طلب کرنے والوں کو افریقی ملک روانڈا بھیج دیا جائے گا۔
تاہم اب حکومت نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی پناہ گزینوں کو لے کر پہلی پرواز انتخابات کے بعد روانہ ہوگی اور اگرعوام اس منصوبے کی تکمیل چاہتے ہیں تو وہ کنزرویٹو کو کامیاب بنائیں، دوسری طرف لیبر لیڈر سرکیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کی صورت میں اس منصوبے کو ختم کردینگے اورسرحدی کنٹرول کو سخت بنا کر امیگریشن کو کنٹرول کرینگے۔
تارکین وطن کو کم اجرت پر رکھ کر ان کا استحصال کرنے والوں سے نمٹا جائے گا اور مقامی افرادکو صحت اور تعمیرات کے شعبہ میں ورکرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 2023 میں نیٹ مائیگریشن 6 لاکھ 85 ہزار تھی، جبکہ 2022 میں 7 لاکھ 64 ہزار تعداد برطانیہ آئے تھے۔ 2012 میں جب سے سرکاری طور پر ڈیٹا مرتب کرنا شروع کیا گیا تو برطانیہ آنے والوں کی سالانہ تعداد دو لاکھ سے بھی کم تھی۔
Comments are closed.