لندن:ہوم آفس ڈیٹا کے مطابق 3,000سے زیادہ اسائلم بچے لندن کے ہوٹلوں میں مقیم ہیں، ان میں سے کم از کم 64 گزشتہ 2 سال سے زیادہ عرصے سے ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔ بی بی سی کے مطابق چونکہ اس الیکشن میں ہر پارٹی امیگریشن کی روک تھام کے وعدے کررہی ہے، اس لئے یہ الیکشن امیگریشن الیکشن بن گئے ہیں۔ کنزرویٹو پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ کشتیوں کے ذریعے غیرقانونی تارکین کی آمد کو روکے گی۔ لیبر کا کہنا ہے کہ وہ اسائلم کے کلیمز کا تصفیہ کرنے کیلئے ایک ہزار سے زیادہ کیس ورکرز کی خدمات حاصل کرے گی۔
لبرل ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ وہ ایک نیا اسائلم یونٹ قائم کرے گی۔ بی بی سی نے ہوٹلوں میں اسائلم سیکرز کی داستانیں نشر کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ اسائلم کا کلیم کرنے والے اپنے وطن سے مختلف گینگز کی دھمکیوں اور مختلف طریقوں سے جان خطرے میں پڑ جانے کی وجہ سے اپنا وطن چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں یہاں آئے ہیں۔ ایک چیرٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر لیلہ ولیمز نے بتایا کہ ہوٹلوں میں لوگو ں کو مختلف طرح کے مسائل کا سامنا ہے، اس کا کہنا ہے کہ ہوم آفس کی جانب سے ہوٹل سے جو کھانا ملتا ہے، اس میں غذائیت پر توجہ نہیں دی جاتی اور اس میں پوری غذائیت موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے ہاضمے کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ ہوٹل میں کچھ پکانے کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔
اسائلم کے فیصلے کے منتظر لوگوں میں حاملہ خواتین اور ان کے بوڑھے والدین بھی شامل ہیں، ان لوگوں کو کوئی کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ اسائلم کی درخواستوں کا انبار جمع ہوگیا ہے اور اسائلم کا فیصلہ کرنے کا نظام بیٹھ چکا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کے ادا کردہ 8 ملین پاؤنڈ یومیہ ہوٹلوں کو ادا کئے جارہے ہیں اور ہزاروں افراد معلق ہیں۔ لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس اسائلم سے متعلق فیصلے تیزی سے کرنے اور ایک ہزار نئے کیس ورکر بھرتی کر کے ہوٹلوں کو ادا کی جانے والی رقم بچانے کا پلان موجود ہے۔
لبرل ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ ہم اسائلم کا فیصلہ کرنے کیلئے نیا یونٹ قائم کریں گے اور 3 ماہ کے اندر درخواست کا فیصلہ کرنے کا وقت مقرر کردیں گے، اس طرح تیزی کے ساتھ فیصلے کر کے التوا میں پڑے ہوئے اسائلم کے تمام معاملات نمٹا دیئے جائیں گے۔ کنزرویٹو پارٹی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس کشتیوں کی آمد کو روکنے کا پلان موجود ہے اور گزشتہ سال چھوٹی کشتیوں کے ذریعہ چینل کراس کرنے کے واقعات ایک تہائی حد تک کم ہوگئے ہیں۔
Comments are closed.