ہیتھرو ایئرپورٹ پر برٹش ایئرویز کے مسافروں کو بیگیجز کی پریشانی

83

لندن :ہیتھرو ایئر پورٹ پر بیگیج سسٹم میں عارضی تکنیکی خرابی کی وجہ سے برٹش ایئرویز کے مسافروں کو بیگیجز کی پریشانی کا سامنا، بہت سے مسافروں کو طیارے میں رکھا گیا بیگیج نہیں مل سکا۔ یہ خرابی منگل کی سہہ پہر کو شروع ہوئی تھی اور دن کے اختتام تک ٹھیک کرلی گئی تھی۔

تاہم اس کی وجہ سے بہت سی پروازوں کو کئی کئی گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہونا پڑا۔ برٹش ایئرویز کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ جو لوگ عارضی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اپنے لگیج کے ساتھ سفر نہیں کرسکے، ہم ان سے معذرت خواہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ خرابی ہمارے بس سے باہر تھی، یہ مسئلہ حل کرلیا گیا اور ہم نے اپنی ٹیم کی مدد کیلئے اپنے اضافی ساتھیوں کو بھی طلب کرلیا تھا تاکہ مسافروں کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے، ان کے بیگ دیئے جاسکیں۔ ہیتھرو ایئرپورٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ برٹش ایئرویز کو اپنے ایلوکیشن سسٹم میں ایک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا جو کہ اب ٹھیک کرلیا گیا ہے، ہماری ٹیم مسئلہ حل کرنے کیلئے برٹش ایئرویز کی مدد کیلئے موقع پر موجود تھی، ہم نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئر پورٹ روانگی سے قبل برٹش ایئرویز سے چیک کرالیں کیونکہ ٹرمینل نمبر 5 اب بھی پھنسا ہوا ہوسکتا ہے، کوئی دوسری ایئرلائن پھنسی ہوئی نہیں ہے۔

ہیتھرو سے پرواز کرنے والے ایک مسافر نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ صورت حال بہت ہی خراب تھی۔ اس نے لکھا کہ کوئی معلومات نہیں مل رہی تھیں اور ہم سے کہا جارہا تھا کہ گھر چلے جاؤ لیکن میں نے کہا کہ مجھے بیگ کی ضرورت تھی کیونکہ دوسرے دن ایک شادی ہے اور تم کہ رہے ہو کہ میرا بیگ 48 گھنٹے بعد میں ملے گا۔

ایک دوسرے مسافر نے لکھا کہ گزشتہ رات برٹش ایئرویز سے ہیتھرو سے نیو کاسل پہنچا، برٹش ایئرویز نے کوئی اپ ڈیٹ یا اطلاع فراہم نہیں کی، پرواز 3 گھنٹے تاخیر سے اور بیگیجز کے بغیر آگئی، اسٹاف کا ایک آدمی بیگیج کلیم میں کیو آر کوڈ کے ساتھ کاغذ کا ایک ٹکڑا لئے ایک پورٹل پر کھڑا تھا، جو کا م نہیں کررہا تھا، شرمناک۔

Comments are closed.