اسرائیل کی زخمیوں کے علاج میں مصروف رضاکاروں پر بمباری،7شہید،12زخمی

67

تل ابیب:اسرائیل نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے نصیرت اور بوریج پناہ گزین کیمپوں میں زخمی فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والے رضاکاروں پر حملہ کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق نصیرت پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے بے گھر فلسطینیوں کا شہری دفاع کے طبی رضاکار علاج کر رہے تھے اور اس دوران اسرائیلی فوج نے بمباری کردی۔

اسرائیلی بمباری میں شہری دفاع کے چار رضاکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے جن میں سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔اسی طرح بوریج پناہ گزین کیمپ میں بھی اسرائیلی فوج نے طبی رضاکاروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج بین الاقوامی عدالت کے فیصلوں اور عالمی قیادت کے مطالبات کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے غزہ جنگ میں مسلسل ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اب اس کی جارحیت کا نشانہ طبی رضاکار بن رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ پر چاروں سمت چڑھائی کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جس میں اب تک 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 86 ہزار 500 سے زائد زخمی ہیں۔

Comments are closed.