بلیک برن میں غزہ کی صورتحال کا اثر،آزاد امیدوار کے ہاتھوں لیبر کو شکست

66

لندن:بلیک برن میں غزہ پر مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کی آگ نے اثر کر دکھایا اور وہاں آزاد مسلمان امیدوار سالیسٹر عدنان حسین نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام انتخابات میں لیبر کی کیٹ ہولرن کو132ووٹوں کی برتری سے شکست دے دی۔

عدنان حسین نے اس حلقے میں 10518ووٹ حاصل کئے جبکہ کیٹ ہولرن نے 10386 ووٹ لئے۔ تیسرے نمبر پر ورکز پارٹی آف بریٹین کے امیدوار جان مری رہے، جنہوں نے 7105 ووٹ حاصل کئے۔ اس نشست پر کیٹ ہولرن نے 2019 کے الیکشن میں 18616 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور اسی بڑی اکثریت کی بنا پر انہوں نے اس الیکشن میں اپنی مہم زور و شور سے شروع کی تھی۔

بلیک برن کے اس حلقے میں مسلمان ووٹرز کی تعداد ایک تہائی ہے اور یہ لیبر کی ایک محفوظ نشست تصور کی جاتی تھی، تاہم حالیہ اسرائیل کی فسلطینیوں کے خلاف مسلط کردہ جنگ کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئی اور یہاں کے اکثریتی ووٹرز غزہ پر لیبر کی پالیسی سے نالاں تھے اور سمجھتے تھے کہ پارٹی نے اس جنگ کیخلاف موثر آواز بلند نہیں کی۔

قبل ازیں الیکشن میں کھڑے ہونے سے قبل سالیسٹر عدنان حسین نے ووٹرز کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ سب کی موثر آواز ہیں، مجھے اپنے ووٹرز کی غزہ کے حوالے سے تشویش کا بخوبی علم ہے اور میں اس تشویش کو بھرپور طور پر اٹھاؤں گا، جس میں یہاں کے نام نہاد نمائندگان ناکام رہے۔ بلیک برن کے اس حلقے میں ووٹنگ کا تناسب 53.1 فیصد رہا جبکہ 2019 میں یہ ٹرن آؤٹ 61.8 فیصد تھا۔

Comments are closed.