لندن :برطانیہ میں کالی کھانسی کے مرض میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نومبر 2023ء سے اب تک اس مرض سے9مریض ہلاک ہوئے۔ یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2024ء سے اب تک یہاں7599مریضوں میں کالی کھانسی کی تشخیص ہوئی اور صرف مئی 2024ء میں 2591مریض اس بیماری میں مبتلا ہوئے۔
ماہرین صحت نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سال بیکٹریل انفیکشن کے پھیلائو کے حوالے سے بدترین سال ہے، جس سے چھوٹے بچوں کو زیادہ خطرہ ہے۔ انہوں نے حاملہ خواتین اور بچوں کے حوالے سے استدعا کی کہ ان دونوں کو لازمی طور پر مکمل ویکسی نیشن کروانی چاہئیں۔
کالی کھانسی کی وبا اس سے قبل 2016ء میں پھیلی تھی، جب 5945 مریضوں میں کالی کھانسی کی تشخیص ہوئی تھی۔ کالی کھانسی بیکٹریائی انفیکشن سے پھیلتی ہے اور اس کے نتیجے میں پھیپھڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور مریض کو طویل عرصہ تک کھانسی رہتی ہے۔
جنوری سے اب تک تشخیص کئے گئے مریضوں میں سے نصف کی عمر 14سال سے زائد ہے، جنہیں ابتداء میں معمولی صحت کی خرابی کا سامنا ہوا جبکہ 262 مریضوں کی عمر 3 ماہ سے بھی کم ہے، جن کی ہلاکت کے ساتھ ساتھ بیماری کی پیچیدگیوں کا بھی شدید خطرہ رہتا ہے۔ کالی کھانسی کی وبا ہر تین تا 5 سال کے دورانیے میں سر اٹھاتی ہے اور 2012ء میں اس بیماری کے9 ہزار مریض سامنے آئے تھے۔
Comments are closed.