لندن :مشرقی لندن میں لگ بھگ 100 فائر فائٹرز نے دو منزلہ گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔ رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے میں 15 فائر انجنوں نے حصہ لیا۔ لندن فائر بریگیڈ (ایل ایف بی) نے کہا ہے کہ داگنہم کے تھرڈ ایونیو پر دو منزلہ مکان میں آگ لگی۔ ایل ایف بی نے کہا کہ آگ اب قابو میں ہے۔
لندن ایمبولینس سروس کے ترجمان نے پی اے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ فی الحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک پراپرٹی سے کالا دھواں نکلا اور گلی میں دھواں بھرگیا۔ دھویں کی خاصی مقدار کے باعث رہائشیوں کو اپنی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔
ایل ایف بی نے کہا کہ سڑکوں کی بندش برقرار ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ علاقے سے جانے سےگریز کریں جبکہ عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ جائے وقوعہ پر موجود اسٹیشن کمانڈر ڈیرن میکٹرن نے کہا کہ عملے نے آگ پر قابو پانے کے لئے سخت محنت کی۔
ہم نے مقامی باشندوں سے کہا کہ وہ کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں کیونکہ آگ سے کافی دھواں نکل رہا تھا۔ علاقے میں بہت زیادہ رش تھا۔ لندن ایمبولینس سروس کے ترجمان نے کہا کہ ہمیں دوپہر 1:41 بجے تھرڈ ایونیو، داگنہم پر آگ لگنے کی اطلاع پر بلایا گیا۔
ہم نے جائے وقوعہ پر وسائل بھیجے، جن میں ایمبولینس کا عملہ، فاسٹ رسپانس کار میں ایک پیرامیڈک، ایک واقعہ رسپانس آفیسر اور ہماری خطرناک ایریا ریسپانس ٹیم کے ارکان شامل ہیں۔ کارروائی اب تک جاری ہے اور ہم اپنے ہنگامی خدمات کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.