لندن :دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوانوں پر دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں،مشرقی لندن کے ریکس ولیم ہنری کلارک پر دہشت گردی کی کارروائیوں کی تیاری میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے، شمالی لندن کی چیش نٹ کی رہائشی صوفیجا وینوگرادووا پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے،معاونت کے الزامات لگائے گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹرو پولیٹن پولیس (دی میٹ) نے کہا ہے کہ جمعرات کو ایک 18 سالہ مرد اور ایک 19 سالہ خاتون پر انسداد دہشت گردی کمانڈ یونٹ کی جانب سے ’متحرک تحقیقات‘ کے بعد الزامات عائد کیے گئے ۔مشرقی لندن میں الفورڈ کے رہائشی ریکس ولیم ہنری کلارک پر دہشت گردی کی کارروائیوں کی تیاری میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس نے شمالی لندن کی چیش نٹ کی رہائشی صوفیجا وینوگرادووا کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں مددگار ثابت ہونے کے دو الزامات میں گرفتار کیا ہے۔دونوں افراد پولیس کی تحویل میں ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقات دائیں بازو کی انتہائی مشتبہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس میں انسداد دہشت گردی کمانڈ کے سربراہ کمانڈر ڈومینک مرفی کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی سنگین الزامات ہیں لیکن میں عوام سے درخواست کروں گا کہ اس کیس کے حوالے سے اس وقت کوئی قیاس آرائی نہ کریں اور فوجداری انصاف کو بغیر کسی رکاوٹ کے چلنے دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس وقت تک ہمیں اس تحقیقات سے متعلق کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں ہے ۔
Comments are closed.