میونخ: جرمنی میں 1972 کے 11 اسرائیلی ایتھلیٹس کے قتل عام کی 52 ویں برسی پر صیہونی ریاست کے قونصل خانے پر مسلح شخص نے فائرنگ کردی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت میں واقع اسرائیلی قونصل خانے میں مسلح شخص نے داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
اسرائیلی قونصل خانے کے نزدیک پٹرولنگ پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ میں حملہ آور کو ہلاک کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتاری دینے کو کہا گیا لیکن وہ مسلسل فائرنگ کرتا رہا۔ اہلکاروں کو اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کرنا پڑی۔
حملہ آور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے بقول حملہ آور کی شناخت 18 سالہ آسٹرین شہری کے طور پر ہوئی۔ اس حملے میں کسی دوسرے شخص یا تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
تاحال حملے کے محرک کا بھی تعین نہیں ہوسکا۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔ حملہ آور کے بارے میں مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔جرمنی میں اسرائیلی سفیر رون پروسر نے کہا کہ حملہ اسی دن ہوا جس دن 1972 میں میونخ میں اسرائیلی ایتھلیٹس کا فلسطینی حملہ آروں کے ہاتھوں قتل عام ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ کے دوران دنیا کے کئی ممالک کے اسرائیلی سفارت خانوں پر حملے کیے گئے ہیں۔
Comments are closed.