بیروت: لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد حزب اللہ نے راکٹوں اور ڈرونز سے جوابی حملہ کیا، جس کے بعد اسرائیل کے سرحدی شہروں میں تباہی اور بربادی کے مناظر صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔خلیجی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی سرحد سے اندر 50 کلومیٹر کے علاقے کو نشانہ بنایا، جبکہ اسرائیل کے ساحلی شہر حیفا اور رمات ڈیوڈ ایئربیس پر بھی بڑی تعداد میں راکٹ داغے۔
اسرائیلی میڈیا عوامی ردعمل کے خوف سے حزب اللہ کے حملے میں ہونے والی تباہی چھپانے کی کوشش میں مصروف ہے مگر سوشل میڈیا نے بھانڈا پھوڑ دیا۔حزب اللہ نے فلسطین کی زمین پر قائم صیہونی آبادکاروں کی 74 بستیوں پر راکٹ اور ڈرونز حملے کیے، رپورٹس کے مطابق اسرائیلی دفاعی نظام متعدد راکٹس اور ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ان مقبوضہ بستیوں کے مختلف علاقوں میں تباہی اور بربادی نظر آ رہی ہے، اسرائیلی شہر کریات بیالیک میں متعدد گاڑیاں ان حملوں میں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ کئی عمارتوں میں آگ لگی ہوئی ہے جنہیں فائر فائٹرز بجھانے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔
خلیجی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے حملے کے بعد صیہونی بستیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
Comments are closed.