انرجی میٹر ریڈنگ یکم اکتوبر کو قیمتوں میں اضافے سے قبل بھیجے جائیں، شہریوں کا مطالبہ

38

لندن : شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں انرجی میٹر ریڈنگ یکم اکتوبر کو قیمتوں میں اضافے سے قبل بھیجی جائیں۔ کم وبیش 10 ملین گھرانوں کو خدشہ ہے کہ اگر ان کو یکم اکتوبر تک انرجی میٹر ریڈنگ نہیں بھیجی گئی تو وہ یکم اکتوبر کو انرجی کی قیمتوں میں مجوزہ 10 فیصد اضافہ کی زد میں آجائیں گے اور انھیں یہ اضافی رقم بھی ادا کرنا پڑے گی۔ اس وقت جبکہ موسم سرما کا آغاز ہو رہا ہے، آفجیم نے انرجی کی قیمتوں میں 10فیصد اضافہ کی اجازت دی ہے، جس سے شہریوں کو سالانہ 149 پونڈ کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

آفجیم نے انگلینڈ، اسکاٹ لینڈاور ویلز کیلئے انرجی کی قیمتیں 1,568 سے بڑھا کر1,717پونڈ سالانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے معنی یہ ہیں کہ اب ہر گھرانے کو اوسطاً 12 پونڈ ماہانہ زیادہ ادا کرنا ہوں گے۔ جن گھرانوں کی فکسڈ ڈیل نہیں ہے اور وہ SVT پر ہیں، یعنی ان کے پاس اسمارٹ میٹر نہیں ہیں، انھیں اضافی رقم دینے سے بچنے کیلئے یکم اکتوبر سے پہلے پہلے اپنے میٹر کی ریڈنگ بجلی اور گیس کے سپلائرز کو پہنچانی ہوگی، بصورت دیگر انھیں زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی۔ SVT کے تحت اپنے بل ادا کرنے والوں کو یکم اکتوبر سے اوسطاً 24.5 فی یونٹ کی شرح سے زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی جبکہ گیس کی قیمت6.24 پونڈ فی یونٹ اور کم ازکم 31.66 یومیہ کی شرح سے بل ادا کرنا ہوں گے۔

آفجیم کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور شدید موسم کی آمد کے پیش نظر اضافہ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ کم وبیش 10 ملین پنشنرز کو اپنے گھروں کو گرم رکھنے کیلئے حکومت کی جانب سے 300 پونڈ نہیں مل سکیں گے۔ آفجیم کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن بریئرلی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ فکسڈ ریٹ کے ٹیرف لینے کی کوشش کریں، اس طرح وہ کچھ رقم بچاسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ریگولیٹر حکومت، سپلائرز، چیرٹیز اور صارفین کے گروپوں کے ساتھ مل کر قیمتوں کو کم ازکم سطح پر منجمد رکھنے کی پوری کوشش کررہا ہے۔

سٹیزن ایڈوائس نے کہا ہے کہ انرجی کی قیمتوں میں اضافہ، خاص طورپر بچوں والے اور کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے باعث تشویش ہے۔ ایک اندازے کے مطابق SVT والے گھرانوں کو اکتوبر میں 135پونڈ بل ادا کرنا ہوگا جبکہ ستمبر میں ان کا بل 55پونڈ کا تھا۔جن لوگوں کے پاس فکسڈ ڈیل نہیں ہے، انھیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فکس ڈیل حاصل کرلیں، اس سے کم از کم 12 ماہ کیلئے ان کی انرجی کی قیمتیں منجمد ہوجائیں گی۔

Comments are closed.