اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے برسر پیکار حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ اب بھارت پر پابندیاں لگوانے کا وقت آگیا ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر سیمینار سے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ کورونا وائرس کو کشمیریوں پر گزرے 70 برس کی کرب کی جھلک قرار دیدیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس جھلک ہے اُس کرب کی، جس سے کشمیری 70 سال سے گزر رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دیکھ کر اندھی بہری اور گونگی ہے، 5 اگست 2019 میں نئی ہائبرڈ وار شروع کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں مسلمان اور سکھ سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں، اب بھارت کو سزائیں دلوانے اس پر پابندیاں لگوانے کا وقت ہے۔