واشنگٹن:امریکی صدر جوبائیڈن کے روسی ہم منصب پیوٹن سے متعلق بیان کے بعد روس نے امریکا سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔
روسی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق امریکا سے اپنے سفیر اناتولے انتونوف کو مشاورت کے لیے ماسکو طلب کر لیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفیر کو مستقبل کے روس امریکی تعلقات پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے، یہ اقدام تعلقات میں کسی بھی ناقابل تلافی تقصان سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر کو امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت پر قیمت چکانے اور پیوٹن کے قاتل ہونے کا بیان دیا تھا۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ 2020 کے امریکی الیکشن میں مداخلت کی کوشش کا روسی صدر پیوٹن کو حساب چکانا ہوگا۔
انہوں نے صدر پیوٹن کے قاتل ہونے سے متعلق سوال پر اس سے اتفاق بھی کیا۔
روس نے صدر بائیڈن کے بیان پر شدید ردعمل دیا ہے اور روسی اسپیکر پارلیمنٹ نے بیان کو روس پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔